انٹرٹینمنٹ
18 اپریل ، 2017

”دی فیٹ آف دی فیوریس“کا چینی تڑکہ

”دی فیٹ آف دی فیوریس“کا چینی تڑکہ

وِن ڈیزل، شارلیز تھیرون،ڈیوائن جانسن (دی راک) ،کرٹ رسل اور تیز رفتار ،اڑتی،اچھلتی تباہ ہوتی گاڑیوں والی فلم ”دی فیٹ آف دی فیوریس “ نے تہلکہ مچادیا ۔

”دی فاسٹ اینڈ دی فیوریس“سلسلے کی آٹھویں فلم میں ایکشن ہیروز کی پوری بارات اکھٹی تھی ۔

فلم نے دنیا بھر سے55 ارب روپے کی اوپننگ کا چھکا مارا۔ صرف شمالی امریکا سے 10ارب اور چین سے 19سو کروڑ کا بزنس کیا۔یعنی فلم کے ایکشن نے چین میں دگنی دھوم مچائی اور ایک ایسے وقت میں جب دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری ہونے کا دعویٰ کرنے والا ”بالی وڈ“ ابھی تک800 کروڑ کے اسٹاپ تک بھی نہیں پہنچ پایا. شاید800 کروڑ کاریکارڈ ہدف ’دنگل‘ اور’ باہو بلی 2 ‘اگلے ماہ تک عبور کر لیں گے۔

پاکستانی روپوں میں یہ بزنس 12سوکروڑ کاہوگا۔ہالی وڈ کی فلمیں صرف ایک ملک چین سے ہی40سو کروڑ کا بزنس کرچکی ہیں۔ـ’دی فاسٹ اینڈدی فیوریس‘ سلسلے کی ساتویں فلم”فیوریس 7“ نے صرف چین میں چالیس ارب روپے کا بزنس کیا تھا ۔ چین صرف ایک ملک کا نام نہیں بلکہ فلم انڈسٹری کے لئے چین 40ہزار سے زائد سینما اسکرینز کا نام ہے۔

دنیا میں سب سے زیادہ آبادی والے ملک چین میں سب سے زیادہ سینما اسکرینز ہیں جبکہ دوسرا نمبر امریکا کا ہے جہاں 39 ہزار سینما اسکرینز ہیں۔

بھارت میں اسکرینز کی تعداد اب 15ہزار پر پہنچ گئی ہے لیکن پاکستانی فلموں کو صرف 150اسکرینز میسر ہیں، ان اسکرینز پر بھی پاکستانی فلموں کا مقابلہ ہالی وڈ اور بالی وڈ کی فلموں سے ہوتا ہے۔

چین کی مارکیٹ کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ بالی وڈ کی فلم ”پی کے“ نے صرف چین سے 100کروڑروپے کمائے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ عامر خان اپنی ’دنگل‘ کو چین میں بھی ریلیز کر رہے ہیں۔

صرف ایک مارکیٹ میں سب سے زیادہ بزنس کرنے کا ریکارڈ”اسٹار وارز دی فورس اویکون“ کے پاس ہے۔ اس فلم نے نارتھ امریکا کی مارکیٹ سے 93ارب کا بزنس کیا تھاجبکہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ بزنس کرنے کا ریکارڈجیمز کیمرون کی ”اواتار“ کو حاصل ہے اس فلم نے دنیا بھر سے 293ارب کا بزنس کیا تھا۔

مزید خبریں :