دنیا
18 اپریل ، 2017

نئے حکم نامے پرٹرمپ کے دستخط آج متوقع،ہدف ایچ ون بی ویزا

نئے حکم نامے پرٹرمپ کے دستخط آج متوقع،ہدف ایچ ون بی ویزا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج (18اپریل) نئے صدارتی انتظامی حکم نامے پر دستخط کر سکتے ہیں ،نئے حکم نامے کا ہدف ایچ ون بی ویزابنے گا، جس کے تحت غیر ملکی ورکرز امریکا میں داخل ہوتے ہیں،نئے بل کا مقصدایسی پالیسی بھی وضع کرناہے، جس کے نتیجہ میں امریکی ساختہ مصنوعات کو ترجیح دی جائے ۔

صدر ٹرمپ نئے صدارتی انتظامی حکم نامے جس کا عنوان’بائے امیریکن، ہائیر امیریکن‘ ہے، مشی گن جھیل کے کنارے واقع کینوشا شہر کے دورے کے موقع پر دستخط کر سکتے ہیں۔

سن1990میں امریکن کانگریس نے ایچ ون بی ویزا اس شرط پر متعارف کرایا تھا کہ امریکن کمپنیوں کوکسی ہنر مند کی ضرورت درپیش ہو اور وہ ضرورت مقامی ہنر مند پوری نہ کر سکتا ہو تب اس صورت میں اعلیٰ ہنر مند غیر ملکی کارکنوں کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں اور وہ اعلیٰ ہنر مند ایچ ون بی ویزا کے تحت امریکی کمپنی میں خدمات انجام دے سکتاہے، تاہم ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے نئے ایگزیکٹو آرڈرکا اہم ہدف ایچ ون بی ویزاہی بنے گا۔

واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے پہلے حکم نامے کے اجراء کے بعد امیگریشن کے مسائل سامنے آچکے ہیں جبکہ امریکا کی تقریبا 100 ٹیکنکل کمپنیاں ٹرمپ انتظامیہ کے حکم نامے کے خلاف عدالت میں یکجا ہوگئی تھیں اور عدالت نےڈونلڈ ٹرمپ کے ایگزیکٹو آرڈر کومعطل کر دیا تھا۔

مزید خبریں :