24 اپریل ، 2017
عامر خان نے ”دنگل “ میں ایسا اکھاڑہ سجایا جو پوری دنیا کو پسند آیا۔فلم میں جذبات،جدوجہد اور جنون کے ایسے داوٴ پیچ تھے کہ ایک ایک کر کے کئی ریکارڈ’ دنگل‘ کے نام ہوگئے۔
’دنگل‘ سے اب صرف ایک بڑا ریکارڈ دور ہے لیکن یہ ریکارڈ بھی جلد ’دنگل‘ کے نام ہوجائے گا۔یہ ریکارڈ ہے دنیا بھر میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی بالی وڈ اور بھارتی فلم کا ۔
اس وقت یہ دونوں ریکارڈ ہیں عامر خان کی ہی فلم ”پی کے “ کے پاس۔عامر خان کی ’پی کے‘ نے دنیا بھر سے 790کروڑیعنی پاکستانی روپوں میں1260کروڑ کمائے تھے۔
’دنگل ‘اِس وقت تک دنیا بھر سے 735کروڑ یعنی پاکستانی روپوں میں1176کروڑ کا کاروبار کرچکی ہے۔دنگل ”پی کے“ سے اس لیے پیچھے ہے کیونکہ یہ فلم ابھی تک چین میں ریلیز نہیں ہوئی،وہی چین جو اس وقت دنیا کی سب سے بڑی سینما مارکیٹ بن چکا ہے۔
ابھی پچھلے ہفتے ہی ریلیز ہونے والی وِن ڈیزل کی ہالی وڈ فلم ”دی فیٹ آف دی فیوریس “ چین سے اب تک 32سو کروڑ کماچکی ہے۔اسی چین میں عامر خان کی ”پی کے“ سو کروڑ کا چھکا لگا کر اب تک بالی وڈ کی سب سے کامیاب فلم ثابت ہوئی ہے۔عامر خان ہی کی” دھوم تھری“ اور ”تھری ایڈٹس“ بھی چین میں مل کر سو کروڑ کماچکی ہیں۔
عامر خان کی چین میں” فین فالوئنگ“زبردست ہے ۔اسی لیے عامر خان اب دنگل کو چین میں ریلیز کر رہے ہیں۔دنگل چین میں 6مئی کو ریلیز ہوگی۔عامرخان نے فلم کی پروموشن میں یہاں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔خود چین گئے،دیوار چین کی تو سیر کی ہی لیکن چین کی لڑکیوں کو اپنی بیٹیوں کی طرح پہلوانی کے گُر اور داوٴ پیچ بھی سکھائے۔عامر نے صرف سکھانے پر ہی زور نہیں دیا خود بھی چینی پہلوانی یعنی ”کنگ فو“ پر ہاتھ صاف کیا۔چڑیا گھر جا کر پانڈا کو کھانا بھی کھلایایعنی اپنی چینی پرستاروں کو فلم دیکھنے کیلئے جوش دلایا۔
چین سے بزنس کے بعد’دنگل ‘،’ پی کے‘ کو تو چِت کرے گی ہی لیکن ساتھ ہی دنیا بھر میں 800کروڑ کا بزنس کرنے والی پہلی بالی وڈ فلم بن جائے گی۔
چین کی مارکیٹ کی وجہ سے ہی سلمان خان کی فلم ”ٹیوب لائٹ“ میں کہانی کا موضوع بھی چینی ہے اس فلم میں زیادہ تر فنکار بھی وہیں سے لیے گئے ہیں۔خیر” ٹیوب لائٹ“ تو عید پر روشن ہوگی ۔بیچ میں باکس آفس پر ”باہو بلی2“طوفان مچائے گا۔’باہو بلی‘ کی وجہ سے ہی دنگل کے سارے ریکارڈز کو خطرہ ہے کیونکہ اس وقت دنگل بھارت میں سب سے زیادہ 390کروڑ یعنی پاکستانی روپوں میں620کروڑ کا بزنس کرنے والی سب سے کامیاب فلم ہے۔
عامر خان بالی وڈ کا سب سے بڑا خان ہے ۔عامر خان کی آخری چھ فلمیں صرف بھارت سے 14سو کروڑ یعنی 22سو کروڑ کا بزنس کرچکی ہیں۔ان چھ فلموں میں گجنی،تھری ایڈٹس،تلاش،دھوم تھری،پی کے اور دنگل شامل ہیں۔اس طرح عامر خان کی کمائی کا اوسط فِی فلم 370کروڑ پاکستانی روپے بنا۔
انہی چھ فلموں کا دنیا بھر میں مجموعی بزنس 44ارب پاکستانی روپے بنا یعنی دنیا بھر میں عامر خان کی فی فلم اوسط کمائی 730کروڑ پاکستانی روپے ہے۔