26 اپریل ، 2017
سبائنا پارک کنگسٹن جمیکا میں میزبان ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹیسٹ کے پانچویں دن پاکستان نے 7وکٹ سے شکست دے کر تین ٹیسٹ کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
دوسری جانب بطور کپتان یہ مصباح الحق کی 25ویں ٹیسٹ فتح ہے، 42سال کے مصباح الحق پہلے ہی خود کو کامیاب ترین پاکستانی کپتان کی حیثیت سے رجسٹرڈ کروا چکے ہیںاور اس فہرست میں وہ ہم وطن عمران خان، جاوید میانداد اور وسیم اکرم جیسے کپتانوں سے آگے نکل چکے ہیں۔
نومبر 2010ء میں مصباح الحق نے دبئی میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی بار ٹیسٹ میچ میں اس وقت قیادت کے فرائض انجام دئیے، جب انگلینڈ میں کپتان سلمان بٹ، محمدعامر اور محمد آصف کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں پکڑے جا نے کے سبب پاکستان کرکٹ بحران کا شکار تھی۔
مصباح الحق موجودہ دورۂ ویسٹ انڈیز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے تو رخصت لے لیں گے، البتہ مسلسل 7سال پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان رہنے کا مصباح الحق ایک ایسا ریکارڈ بنا کر جا رہے ہیں، جسے مستقبل میں کسی کپتان کے لیے توڑنا ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہوگا۔
یہی نہیں بطور کپتان ٹیسٹ میچوں کی نصف سینچری مکمل کر نے والے بھی مصباح الحق پہلے پاکستانی کپتان ہیں ،21ستمبر 2016ءبطور کپتان مصباح الحق کے کیرئیر کا یادگار ترین دن تھا، جب انہوں نے دنیا کی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن سے ’ٹیسٹ میس‘ وصول کی تھی۔
ٹیسٹ کرکٹ میں دنیا کے کامیاب ترین کپتان جنوبی افریقہ کے گرین اسمتھ ہیں، جنہوں نے ریکارڈ 53ٹیسٹ بطور کپتان جیتے، اس فہرست میں دوسرا نمبر 48فتوحات کے ساتھ آسڑیلیا کے رکی پونٹنگ کا ہے، جبکہ ان ہی کے ہم وطن اسٹیووا 41کامیابیوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
کامیاب ترین کپتانوں کی فہرست میں چوتھا نمبر ویسٹ انڈیز کے کلائیو لائیڈ کا ہے،جنہوں نے 36ٹیسٹ جیتے، آسڑیلیا کے ایلن بارڈر 32کامیابیوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں، 28فتوحات کے ساتھ نیوزی لینڈ کے اسٹیشن فلیمنگ کا اس فہرست میں چھٹا نمبر ہے۔
ویسٹ انڈیز کے سر ویوین رچرڈز، جنوبی افریقہ کے آنجہانی ہینسی کرو نئے اور بھارت کے مہندرا سنگھ دھونی نے بطور کپتان 27ٹیسٹ جیتے، کامیاب ترین کپتانوں کی فہرست میں دسواں نمبر آسڑیلیا کے مارک ٹیلر کا ہے، آسڑیلیا کے مارک ٹیلر اور انگلینڈ کے مائیکل وان نے 26ٹیسٹ بطور کپتان جیتے اور اب کامیاب ترین کپتانوں کی اس فہرست میں پاکستان کے مصباح الحق 25کامیابیوں کے ساتھ 12ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔