02 مئی ، 2017
برج ٹاؤن بارباڈوس ٹیسٹ کا آج تیسرا دن ہے۔ گزشتہ روز میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 312رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی۔جواب میں پاکستان نے احمد شہزاد، بابر اعظم اور تجربے کار یونس خان کی وکٹوں کے نقصان کیساتھ 173رنز تک رسائی حاصل کر لی تھی۔
پہلی وکٹ پر احمد شہزاد اور اظہر علی کے درمیان 155رنز کی شراکت ہوئی جو اننگز کے 56ویں اوور کی پانچویں گیند پر احمد شہزاد کے 70رنز پر پویلین لوٹنے پر ختم ہوئی۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے سابق کوچ وقار یونس جو اس سیریز کے دوران ٹی وی پر مبصر ہونے کیساتھ کمنڑی بھی کر رہے ہیں ،انہوں نے سوشل میڈیا پر اظہار رائے کرتے ہوئے دونوں اوپنرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہو ئے لکھا ہے کہ افتتاحی بیٹسمینوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ٹیم کے مفاد میں مثبت شروعات فراہم کریں ۔
اظہر اور احمد نے انتہائی سست بلے بازی کی،اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ دونوں کا اسڑائیک ریٹ 50سے بھی نیچے ہے۔اظہر علی جو ابھی 81رنز بنا کر کھیل رہے ہیں انہوں نے 193گیندوں کا سامنا کیا۔ اس دوران 149گیندوں پر وہ کوئی رن نہ لے سکے۔
دوسری جانب احمد شہزاد جو 191گیندوں پر 70رنز بنا کر آوٹ ہوئے،ان کی اننگز میں 156ایسی گیندیں تھیں جس پر انہوں نے رن بنانے کی زحمت ہی نہیں کی۔
دونوں بیٹسمینوں کی روکی گئی گیندوں کا مجموعہ نکالنے سے معلوم ہوتا ہے کہ صرف اظہر علی اور احمد شہزاد نے 50اعشاریہ1اوورز میں کوئی رن ہی نہیں بنایا۔