02 مئی ، 2017
ٹیسٹ فاسٹ بولر جنید خان صوابی میں مشال خان کے گھر گئے اور مقتول کی دو ماہ کی بیٹی کو گود میں لیا۔
خان عبدالوالی خان یونی ورسٹی میں قتل کئے جا نے والے مشال خان کے اہل خانہ سے تعزیت کے لئے ٹیسٹ فاسٹ بولر جنید خان صوابی میں واقع مقتول کی رہائش گاہ پہنچ گئے،جہاں فاسٹ بولر نے مشال کے والد ،والدہ،بھائی اور دو بہنوں سے ملاقات کی۔
جنید خان کا کہنا تھا کہ یہ ایک اندوہناک واقعہ تھا،جس کی وہ پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،اس موقع پر جنید خان نے مشال خان کی دو ماہ کی بیٹی کو گود میں بھی لیا۔
ٹیسٹ فاسٹ بولر نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس گھر میں جوان موت ہوئی ہو،باوجود اس کے مشال کے گھر والوں کا صبر قابل تحسین ہے،جب میں مشال کے گھر گیا تو خاصا غمگین تھا،لیکن ان کے گھر والوں کی باتیں سن کر مجھے خاصا حوصلہ ملا۔
جنید خان نے مشال کے والدین کی اس آواز میں آواز ملائی کہ مشال کے قاتلوں کوقرار واقعی سزا دینا چاہئے،اور مقتول کے ورثاء کو مکمل انصاف ملنا چاہیے،تاکہ مستقبل میں مشال جیسے واقعات دوبار ہ نہ سامنے آئیں۔