کھیل
04 مئی ، 2017

بارسلونا اوپن کے فاتح اعصام الحق کی نگاہیں میڈرڈ اوپن پر مرکوز

بارسلونا اوپن کے فاتح اعصام الحق کی نگاہیں میڈرڈ اوپن پر مرکوز

اعصام الحق کو پاکستان ٹینس کا ایک بڑا نام کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، 37سالہ اعصام الحق ان دنوں اسپین میں موجود ہیں، جہاں گزشتہ ہفتے انہوں نے اپنے ساتھی رومانیہ کے فلور ین مرگیا کے ہمراہ بارسلونا اوپن ڈبلز کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

بارسلونا اوپن سے پہلے اعصام الحق کی ڈبلز رینکنگ 31تھی، تاہم اس کامیابی کے بعد اعصام الحق ڈبلز رینکنگ میں بہتری حاصل کرکے 26ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں،یہ اس سال عصام کے کیرئیر کی دوسری ٹرافی تھی۔

اعصام اس سال نیوزی لینڈ میں آکلینڈ کلاس ڈبلز ایونٹ کا اعزاز بھی جیت چکے ہیں، البتہ آکلینڈ کلاسک میں اعصام کے پارٹنر مارسین میٹووسکی تھے۔

اعصام الحق 2010ء میں یو ایس اوپن ڈبلز کا فائنل کھیل چکے ہیں،2014ء اور 2016 ء میں اعصام الحق نے سال کے تیسرے گرینڈ سلم ومبلڈن کا سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

اس سال اعصام الحق نے ڈبلز رینکنگ کا 40ویں نمبر سے آغاز کیا تھا اور اب وہ رینکنگ میں بدستور بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

اس ماہ میڈرڈ میں شروع ہو نے والے ٹورنامنٹ میں اعصام اپنے رومانیہ کے پارٹنر فلورین مرگیا کے ساتھ ہی ایکشن میں ہوں گے۔

مزید خبریں :