خصوصی رپورٹس
09 مئی ، 2017

’باہو بلی‘ کا باہونچال

’باہو بلی‘ کا باہونچال

باہو بلی 2کے ”باہونچال “ یا کامیابی کو سمجھنا ہے توباہو بلی کوبھارتی فلم انڈسٹری کیلئے ایسے یاد رکھا جائے گا جیسے اولمپکس میں” فیلپس“ ،باسکٹ بال میں مائیکل جارڈن ،موسیقی میں مائیکل جیکسن ،کنگ فو میں بروس لی ، دوڑنے میں بولٹ ،فٹبال میں برازیل، کلب میں ریال میڈرڈ،اسکواش میں جہانگیر خان،سپر پاورمیں امریکا، ٹیکنالوجی میں جاپان،ہیروں میں کوہ نور،سوشل میڈیا میں فیس بک،ومبلڈن میں مارٹینا، فرنچ اوپن میں نڈال،اسپنرز میں مرلی ،فاسٹ بالنگ میں وسیم اکرم،بیٹنگ میں بریڈ مین،پہاڑوں میں ماوٴنٹ ایورسٹ ،ہالی ووڈ میں ٹائٹینک،آئٹم گرل میں سنی لیونی،مسکراہٹ میں مدھو بالا،جنگل میں شیر،پھلوں میں آم،ایوارڈز میں آسکر،قوالی میں نصرت فتح علی خان،عمارتوں میں برج خلیفہ،بالی وڈ میں گبر اور باکسنگ میں محمد علی ۔

ایسے ہی اب کامیابی کی نئی داستان تیلگو فلم باہو بلی۔مغل اعظم ، شعلے ،ہم آپ کے ہیں کون یقیناً اورشاید دیوداس کے بعد بھارتی سینما میں اتنی بڑی فلم نہیں آئی لیکن باہو بلی 2 نے سارے ریکارڈز توڑ ڈالے۔

باکس آفس پر بھونچال،کروڑوں کا طوفان،کامیابی کی سونامی،سپر ہٹ نہیں بلاک بسٹر نہیں میگا بسٹرسارے الفاظ ختم ہوگئے لیکن باہو بلی 2 کی ریکارڈ کی بارش تھم ہی نہیں رہی۔ فلم کی تعریف کرنے کیلئے نئے نئے الفاظ بنانے پڑے ۔

باہو بلی نے ایسا ”باہونچال “ مچایا کہ یہ فلم باکس آفس کے ”پہلوان “اور” سلطان“ یعنی عامر اور سلمان خان کی فلموں سے بہت اونچی ہوگئی ۔بالکل ایسے ہی جیسے باہو بلی کے پہلے حصے کے” انٹرویل “میں ”بھلا دیو“ کا سنہرہ مجسمہ باہو بلی کے سامنے چھوٹا ہوجاتا ہے۔تاریخ ایسے بنی کہ بالی وڈ یعنی ممبئی کی فلم انڈسٹری جو پورے بھارت کی دوسری فلم انڈسٹریز پر بھاری تھی اب پہلی بار ساوٴتھ انڈین انڈسٹری سے شکست کھا گئی۔

اندازہ بلکہ یقین تھا کہ فلم ریکارڈ بزنس کرے گی،دنگل سلطان اور” پی کے“ سب فلموں کے سارے ریکارڈ توڑ دے گی لیکن باہو بلی یہ سب ریکارڈ اتنی تیزی سے اور بیدردی سے توڑے گا یہ کوئی نہیں جانتا تھا۔

پہلے ہی دن باہو بلی نے سو کروڑ سے بھی بلند چھکا مار کر سب کو حیران کردیا کیونکہ بالی وڈ کی فلمیں تو ایک دن میں کروڑوں کی ففٹی بھی نہیں کرسکی تھی۔فلم کی مقبولیت کا اس بات سے اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ فلم نے پہلے ہفتے میں صرف امریکا میں فی اسکرین 25لاکھ کا بزنس کیا جب ہالی وڈ کی اپنی ”فیٹ آف دی فیوریس“ کو ایک اسکرین سے صرف پانچ لاکھ کی کمائی ملی۔

اس وقت باہو بلی دنیا بھر سے ہزار کروڑ کا ریکارڈ بزنس کرچکی ہے،صرف بھارت میں فلم کی کمائی اب تک600کروڑ ہوچکی ہے۔اس سے پہلے بھارت میں سب سے کامیاب فلم کا نام دنگل تھا جو 400کروڑ سے پہلے ہی ہمت ہار گئی تھی یہی دنگل اس وقت باہو بلی کے بعد دوسری بھارتی فلم ہے جس نے دنیا بھر میں 800کروڑ کا اسٹاپ کراس کرلیا ہے۔

باہو بلی میں کوئی خان نہیں،باہو بلی میں کوئی رجنی کانت بھی نہیں،ہیرواور ولن ایسے جن کا نام بالی وڈ میں کام کرنے والے تک بھی کم جانتے ہونگے۔باہو بلی دراصل” تیلگو“ فلم کا نام ہے ۔باہو بلی کے ڈائریکٹر کا نام ”راجا مولی“ ہیں جو فلم کے اصل ہیرو ہیں۔ مشہور اور سو کروڑ کا چھکا لگانے والی بالی وڈ فلمیں اکشے کمار کی راوٴڈی راٹھور اوراجے دیوگن کی سن آف سردار بھی راجامولی کی اوریجنل فلموں کا آفیشل ریمیک تھیں۔راجامولی کی پہلے بنائی گئی فلموں میں” مکھی“ بھی شامل ہے ۔

باہو بلی 2دو سال پہلے ریلیز ہونے والی باہو بلی کا سیکوئل ہے جس کی کہانی کو بھی تھوڑا سا ”ریوائنڈ“ کرلیتے ہیں باہو بلی کی کہانی دو بہادر راجکماربھائیوں کی اچھائی اور برائی کی جنگ کی داستان ہے۔ایک سب کا ہیرو اوردوسرا سب کیلئے ولن۔فلم میں جنگ کے ناقابل یقین مناظر فلمائے گئے ہیں۔فلم میں باہو بلی کے دو کردار ہیں ایک باپ دوسرا بیٹا۔باپ باہو بلی جسے راجا بنانے کا اعلان ہوتا لیکن وہ اپنے سب سے زیادہ وفادار غلام”کٹپا“ کے ہاتھوں مارا جاتا ہے۔دو سال سے بالی وڈ میں یہی سوال سب کا پیچھا کررہا تھا کہ ”کٹپا“ نے باہو بلی کو کیوں مارا؟

خیر اب اس سوال کا راز تو کھل گیا لیکن اس جواب کیلئے باہو بلی نے دنیا بھر سے اب تک12سو کروڑ وصول کرلیے ہیں۔باہو بلی ایک فلم کا نام نہیں،باہو بلی کے بزنس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ یہ فلم چار بھارتی زبانوں میں ریلیز ہوئی۔باہو بلی کو تیلگو اور تامل فلم میں بنایا گیا اور ساتھ ہی ہندی اور ملیالم زبان میں ڈب کر کے دنیا بھر میں پیش کیا گیا۔

ایسا پہلی بار ہوا جب کسی ڈب فلم نے بالی وڈ کی تمام فلموں کو دھول چٹائی ہو ،اس سے پہلے باہو بلی کا پہلا حصہ ہی بالی وڈ کی فلموں کاکچھ مقابلہ کر پایا تھا۔باہو بلی کے پہلے حصے نے ہندی فلموں کے سرکٹس سے 100کروڑ ہی کمائے تھے دنیا بھر میں تمام زبانوں میں باہو بلی کا بزنس650کروڑ ہی رہا تھا۔

باہو بلی سیریز کی دونوں فلموں پر 5سال کی محنت صرف ہوئی اس عرصے میں فلم کے ہیرو پربھاس(باہو بلی) اور ڈائریکٹر راجا مولی نے کسی اور فلم کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔پربھاس اس فلم سے اتنے مقبول ہوئے کہ ان کو 6ہزار رشتوں کو انکار کرنا پڑا۔باہو بلی کے کردار پر ہندی ڈبنگ مشہور ٹی وی ایکٹر”شرد“ نے کی یہ وہی شرد ہیں جو آفتاب کے سامنے ہارر فلم 1920لندن میں ولن کا کردار بھی ادا کرچکے ہیں۔

باہو بلی کی زیادہ تر شوٹنگ حیدر آباد میں ہی ہوئی۔باہو بلی میں اسپیشل ایفکٹس اور ایکشن کہانی کی جان ہیں۔اس فلم نے بالی وڈ کو تو ہرایا ہی ساتھ ہی ہالی وڈ کو بھی چیلنج دے دیا ہے۔فلم واقعی بڑے پردے کی سب سے بڑی فلم ہے۔فلم میں بہادر اور طاقتور شہزادوں کا کردار ادا کرنے کیلئے ہیرو پربھاس اور ولن رانا کے ساتھ وفادار غلام کٹپا نے بھی خوب جان بنائی۔ فلم میں سب سے زیادہ معاوضہ ڈائریکٹر راجا مولی کو دیا گیا۔

ان کی فیس28کروڑ تھی، ہیرو پربھاس کے اکاوٴنٹ میں25کروڑ ٹرانسفر ہوئے ولن کا کردار نبھانے والے رانا کو15کروڑ کی فیس دی گئی لیکن باہو بلی سے ملنے والی کامیابی اور مقبولیت انمول ہے ۔یہ بھی فلم کی ریلیز کے بعد انکشاف ہوا کہ رانا بچپن سے ہی ایک آنکھ سے نابینا ہیں۔رانا کئی بالی وڈ فلموں جن میں ڈپارٹمنٹ بھی شامل ہے میں ہیرو کا کردار ادا کرچکے ہیں۔باہو بلی کی ریکارڈبنانے سے زیادہ ریکارڈ توڑنے کی اسپیڈ حیران کن ہے۔

فلم کے چاروں ورژن نے پہلے ہی دن صرف اپنے ہی دیس میں120کروڑ کمائے پھر دو دن میں کروڑوں کی ڈبل سنچری اور تین دن میں ہی 300کروڑ کی منزل حاصل کرلی۔بھارت کی سب سے بڑی ریلیز کا ریکارڈ تو باہو بلی پہلے ہی بنا چکا تھا۔یہ فلم 6ہزار سے زائد اسکرین پر ریلیز ہوئی تھی۔باہو بلی 2کا پاس اس وقت مہنگی ترین بھارتی فلم ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔باہو بلی 2بنانے میں 250کروڑ کی لاگت آئی۔باہو بلی سے مہنگی ترین فلم ہونے کا اعزاز اگلے سال رجنی کانت کی400کروڑ کی ”روبوٹ 2“ چھین لے گی لیکن باہو بلی کے باقی ریکارڈ توڑنا اب روبوٹ کیلئے بڑا چیلنج ہوگا۔

تیلگو فلموں کا مرکز حیدر آباد دکن میں ہے ۔تیلگو فلموں کے سپر اسٹارز میں چرن جیوی،ناگ ارجن، وینکا ٹیش، روی تیجا اور رام چرن بھی شامل ہیں لیکن ان سب کی فلموں کو بالی وڈ والے لفٹ بھی نہیں کرواتے۔ اسی طرح ملیالم زبان کے سب سے بڑے اسٹار مموتھی اور موہن لال ہیں جنھیں کہیں اور پذیرائی نہیں ملی، تامل فلموں کا راج رجنی کانت کے پاس ہے دوسرا نمبر وہاں کمل ہاسن کا ہے لیکن رجنی کانت کی فلموں کا بالی وڈ میں وہی حشر ہوتا ہے جو سلمان اور عامر کی فلموں کا جنوبی بھارت میں۔

باہو بلی پہلی ایسی فلم ہے جسے ہر زبان میں مقبولیت ملی ہے اور یہی اس فلم کی اتنی بڑی کامیابی کی سب سے بڑی وجہ ہے کیونکہ باہو بلی ایک نہیں چار زبانوں میں دنیا بھر سے پیسہ سمیٹ رہا ہے اور ریکارڈ پر ریکارڈ بنا رہا ہے۔

مزید خبریں :