23 مئی ، 2017
لگان، تھری ایڈیٹس، دھوم تھری اور پی کے سے چین میں دھوم مچانے والے عامر خان کی فلم ’دنگل‘ نے صرف چین سے ہی 750 کروڑ کما کر دنیا بھر کو حیران کر دیا ہے۔
عامر خان نے ’دنگل‘ میں ایسا اکھاڑہ سجایا جو پوری دنیا کو پسند آیا، فلم میں جذبات، جدوجہد اور جنون کے ایسے داوٴ پیچ تھے کہ ایک ایک کر کے اس نے پوری دنیا میں کامیابی کے جھنڈے گاڑھے۔
فلم چین میں ریلیز ہونے سے پہلے باقی دنیا سے 735 کروڑ کا بزنس کرچکی تھی، اب چین کے بزنس کے بعد فلم دنگل کی دنیا بھر میں کمائی 1500 کروڑ ہوچکی ہے، ’دنگل‘ نے اپنے دیس میں380 کروڑ کا بزنس کیا۔
اسی چین میں عامر خان کی ’پی کے‘ نے سو کروڑ کا چھکا لگا یا تھا،عامر خان ہی کی’دھوم تھری‘ اور ’تھری ایڈٹس‘ بھی چین میں مل کر سو کروڑ کماچکی ہیں۔
عامر خان کی چین میں’فین فالوئنگ‘ زبردست ہے تاہم فین فالوئنگ اپنی جگہ عامرخان نے فلم کی پروموشن میں یہاں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
وہ خود چین گئے، دیوار چین کی تو سیر کی ہی لیکن چین کی لڑکیوں کو اپنی بیٹیوں کی طرح پہلوانی کے گر اور داوٴ پیچ سکھائے۔
عامر نے صرف سکھانے پر ہی زور نہیں دیا خود بھی چینی پہلوانی یعنی ’کنگ فو‘ پر ہاتھ صاف کیا، چڑیا گھر جا کر پانڈا کو کھانا بھی کھلایا یعنی، اپنی چینی پرستاروں کو فلم دیکھنے کیلئے جوش دلایا۔
دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والے ملک چین میں 40ہزار سے زائد سینما اسکرینز ہیں،دوسرا نمبر امریکا کا ہے جہاں 39 ہزار سینما اسکرینز ہیں۔
بھارت میں سینمااسکرینز کی تعداد اب 15ہزار پر پہنچ گئی ہے لیکن پاکستان کی فلموں کو صرف 150اسکرینز میسر ہیں، ان اسکرینز پر بھی پاکستانی فلموں کا مقابلہ ہالی وڈ اور بالی وڈ فلموں سے ہوتا ہے۔
چین کی کمائی کتنی اہم ہوتی ہے اس کا اندازہ فلم ’فاسٹ اینڈ دی فیوریس 8‘ کی کمائی سے لگایا جاسکتا ہے، اس ہالی وڈ فلم نے صرف چین سے 40ارب روپے کمائے جبکہ اسی میگا بجٹ فلم نے شمالی امریکا سے صرف 22ارب روپوں کا بزنس کیا۔
شاید اسی چین کی کروڑوں کی مارکیٹ کا کمال ہے کہ سلمان خان کی فلم ’ٹیوب لائٹ‘ کی کہانی بھی چینی پس منظر لیے ہوئے اور چینی اداکاروں کے ساتھ بنائی گئی ہے۔
اگر ’ٹیوب لائٹ‘ چین میں بھی روشن ہوگئی تو سلمان خان بھی عامر خان کی طرح دنیا بھر میں ہزار کروڑ کمانے والی بالی وڈ فلم کے ہیرو بن جائیں گے۔