کھیل
27 مئی ، 2017

یونس خان کی ’’آل ٹائم‘‘ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان عمران خان

یونس خان کی ’’آل ٹائم‘‘ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان عمران خان

 

ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے ٹیسٹ بیٹسمین یونس خان نے اپنی ’’آل ٹائم‘‘ ٹیسٹ ٹیم کا کپتان قومی ٹیم کے سابق قائد اور لیجنڈ کرکٹر عمران خان کو بنایا ہے۔

یونس خان ٹیسٹ کرکٹ کی 140 سالہ تاریخ میں 10 ہزار رنز بنانے والے  دنیا کے تیرہویں اور پاکستان کے پہلے بلے باز ہیں۔

وہ ٹیسٹ کرکٹ میں بحیثیت کپتان پاکستان کے لیے ریکارڈ 313 رنز کی اننگز کھیلنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

118 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کے لیے 34 سینچریوں کے ساتھ 1 ہزار 99 رنز اسکور کرنے والے عظیم کرکٹر یونس خان نے اپنی منتخب ٹیسٹ ٹیم میں پاکستان اور آسڑیلیا سے 2،2، بھارت، جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ اور سری لنکا سے ایک ایک جب کہ ویسٹ انڈیز سے 3 کرکڑز کا انتخاب کیا ہے۔

یونس خان نے کرکٹ کے گھر لارڈز میں اپنے اعزاز میں منعقد ہونے والی پروقار تقریب کے بعد اپنی ’’آل ٹائم‘‘ ٹیسٹ ٹیم کے نام بتائے۔

یونس خان کی ’’آل ٹائم‘‘ ٹیسٹ ٹیم کے اوپنر حنیف محمد اور سچن ٹنڈولکر ہیں۔

عظیم بلے باز کی ٹیم میں بیٹنگ آرڈر کے حساب سے تیسرا نمبر جیک کیلس، چوتھا برائن لارا، پانچواں سر ویوین رچرڈز، چھٹا سرگیری سوبرز، ساتواں وکٹ کیپرایڈم گلکرسٹ، آٹھواں عمران خان، نواں سررچرڈ ہیڈلی، دسواں مرلی دھرن اور گیارہواں نمبر گلین میگراتھ کا ہے۔

’’آل ٹائم‘’ ٹیسٹ ٹیم کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے اسے ایک کٹھن اور مشکل کام قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کے بہترین 11 کھلاڑیوں  کا اپنا منفرد مقام اور بہترین ٹیسٹ کیرئیر ہے۔

عمران خان 

یونس خان کی ٹیم کے کپتان عمران خان پاکستان کے بہترین آل راؤنڈرز میں شمار کیے جاتے ہیں ۔ انہوں نے اپنے کیرئیر میں 3 ہزار 807 رنز کے ساتھ 362 وکٹیں بھی  کیں۔ 

حنیف محمد: 

لیجنڈ کرکٹر مرحوم حنیف محمد جو11جولائی 2016  کو ہم سے بچھڑ گئے، نے بارباڈوس میں 1958 میں 970 منٹ میں 337 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلی تھی۔

سچن ٹنڈولکر:

 بھارت سے تعلق رکھنے والے سچن ٹنڈولکر نے 200 ٹیسٹ میچوں میں 15 ہزار 921 رنز بنائے جن میں 51 سینچریاں بھی شامل ہیں ۔

جیک کیلس:

جنوبی افریقا کے جیک کیلس کی 166 ٹیسٹ میچوں میں 45 سینچریاں انہیں ایک قابل اعتماد ٹیسٹ مین ثابت کرتی ہے۔

برائن لارا: 

ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے برائن لارا نے ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے بڑی انفرادی 400 رنز کی اننگز کھیلی۔

 سر ووین رچرڈز:

ویسٹ انڈیز کے سر ویوین رچرڈز کے ٹیسٹ کیرئیر میں 8 ہزار 540 رنز ہیں جو ان کی بہترین صلاحیتوں کی عکاسی کرتے ہیں۔

 سر گیری سوبرز:

یونس خان کی ٹیسٹ ٹیم میں نمبر 6 پر موجود ویسٹ انڈیز کے ہی سرگیری سوبرز کے ٹیسٹ کیریئر میں 8 ہزار 32 رنز اور 235 وکٹیں ہیں۔

 ایڈم گلکرسٹ:

آسٹریلیا کے سابق وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ کے ٹیسٹ کرکٹ میں 5 ہزار 570 رنز ہیں اور ساتھ ہی بحیثیت وکٹ کیپر ان کے 379 کیچ اور 37 اسٹمپس انہیں منفرد بناتے ہیں۔

 رچرڈ ہیڈلی: 

یونس خان کی ٹیم کے ایک اور عظیم کرکٹر نیوزی لینڈ کے سررچرڈ ہیڈلی بھی منفرد ریکارڈ رکھتے ہیں۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں پہلے بولر ہیں جنہوں نے 400 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر ٹیسٹ کرکٹ میں  431 وکٹیں حاصل کیں۔

مرلی دھرن:

سری لنکا کے مرلی دھرن کی خطرناک بولنگ سے کون واقف نہیں۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں ریکارڈ 800 وکٹیں لینے والے واحد بولر ہیں۔

گلین میکگرا:

یونس خان کی ٹیم کے گیارہویں کھلاڑی آسٹریلیا کے سابق بہترین بولر گلین میک گرا ہیں جن کے کھاتے میں 563 ٹیسٹ وکٹیں ہیں جو ان کے شاندار کیریئر کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

مزید خبریں :