27 مئی ، 2017
امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں توانائی کے شعبوں میںسرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں اور جو منافع آپ یہاں امریکہ میں بنا رہے ہیں وہی منافع آپ پاکستان میں سرمایہ کاری کے ذریعہ بنا سکتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے ریاست ٹیکساس میں انرجی کے شعبہ کے مرکزی شہر مڈلینڈ میں انرجی سیکٹر کے سرمایہ کاروں کے ایک ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہی جبکہ میزبان پاکستانی نژاد امریکی آئل بزنس کے ٹائیکون سید جاوید انور تھے جنہوں نے انرجی سیکٹر کی معروف کمپنیوں کے مالکان کو ظہرانہ میں مدعو کیا تھا۔
اس موقع پر پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انرجی کی کمی اس وقت بھی موجود ہے اور ہم اس پر انشاء اللہ آئندہ سال قابو پا لیں گے۔انہوں نے کہا کہ آئل کے حصول سے متعلق جو بریفنگ ان کو دی گئی ہے اس کے مطابق آپ لوگ جدید مشینری کا استعمال کر رہے ہیں جس سے کم وقت میں زیادہ تیل حاصل کیا جا رہا ہےاور ان کی خواہش ہو گی کہ آپ پاکستان آئیں اور سرمایہ کاری کریں۔
اعزاز چوہدری نے اس موقع پر سید جاوید انور کا شکریہ اد اکرتے ہوئے کہا کہ سید جاوید انور امریکی خواب کی ایک بڑی مثال ہیں جو کہ 70کی دہائی میں کراچی سے امریکہ آئے، پیٹرولیم میں انجینئرنگ کی اور بعدازاں اپنی کمپنی قائم کی اور اس شعبہ میں ایک ایمپائر تشکیل دیتے ہوئے کامیابیوں کے جھنڈے گاڑے۔
اس موقع پر پاکستانی سفیر کو ڈرلنگ مشین کا سمپلگ دیا گیا۔ قبل ازیں آئل بزنس کے ٹائیکون نے پاکستان سفیر کو تیل نکالنے سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم زمین میں عمودی اور ایک میل کے بعد افقی ڈرلنگ کر کے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ تیل حاصل کرتے ہیں، اس کے سبب ہی آج امریکہ جو کہ 65 فیصد آئل امپورٹ کرتا تھا اب وہ کم ہو کر 40فیصد پر آ گیا ہےاور یہی ٹیکنالوجی پاکستان میں استعمال کر کے انرجی سے متعلق کمی کو پورا کیا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر میئر مڈ لینڈ جیری مور انوس بھی موجود تھے۔ پاکستانی سفیر کو سید جاوید انور نے اپنا ذاتی جہاز اس دورہ کیلئے مخصوص کیا تھاجو کہ ہیوسٹن سے ان کو مڈلینڈ لے کرآیا تھا۔اس موقع پر ہیوسٹن کی قونصلیٹ جنرل اور عملہ کے اراکین اور ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے صدر سعید شیخ پاکستانی سفیر کے ہمراہ تھے۔