کھیل
29 مئی ، 2017

ایجبسٹن کرکٹ گراونڈ: سب کچھ بدل چکا ہے!

ایجبسٹن کرکٹ گراونڈ: سب کچھ بدل چکا ہے!

 یہ 2004 کی بات ہے، جب میں انگلینڈ پہلی بار آیا تھا. اس وقت چوتھی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم پاکستان نے انضمام الحق کی قیادت میں ایجبسٹن کرکٹ گراونڈ ہر کینیا اور بھارت کے خلاف فتح حاصل کی تھی۔

واروکشائر کاونٹی کے ہوم گراونڈ پر اب تقریباً 25ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ 13سال پہلے یہاں چھوٹا سا میڈیا بکس ہوا کرتا تھا، لیکن اب اس گراونڈ میں نئی استقبالیہ عمارت تعمیر ہو چکی ہے۔ گراونڈ میں نیا میڈیا بکس بھی بنایا گیا ہے جس میں سو سے زیادہ صحافیوں کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔

برمنگھم، انگلینڈ کا دوسرا بڑا شہر ہے ،یہاں بڑی تعداد میں پاکستانی بھی رہتے ہیں۔

اب برمنگھم میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم پاکستان کا بھارت سے تیسرا مقابلہ ہوگا۔ 19ستمبر 2004ء کو یہاں پر پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کو تین وکٹ سے زیر کیاتھا لیکن 15 جون 2013ء کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں مصباح الحق کی قیادت میں کھیلنے والی پاکستانی ٹیم کو بھارت نے 8وکٹ سے شکست دی تھی۔

یہاں پر17 جون 1999ء کو ساتویں ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل بھی کھیلا گیا تھا، آسڑیلیا کے 213رنز کے جواب میں جنوبی افریقا 50ویں اوور کی چوتھی گیند پر 213رنز پر آوٹ ہوئی تھی اور ٹائی میچ کے سبب آسڑیلیا کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی تھی۔

ایجبسٹن کے اسی گراونڈ پر 1994ءمیں ویسٹ انڈیز کے برائن لارا نے واروکشائر کے لئے کھیلتے ہوئے ڈرھم کے خلاف 501 رنز ناٹ آوٹ کی اننگز کھیلی تھی، جو آج بھی فرسٹ کلاس کرکٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا آج بھی ریکارڈ ہے۔

انگلینڈ کے اس اہم گراؤنڈ پر ٹیسٹ کرکٹ کھیلے جانے کی تاریخ بھی سو سال سے زائد پرانی ہے اور یہاں پہلا ٹیسٹ 1902ء میں انگلینڈ اور آسڑیلیا کے درمیان کھیلا گیا تھا۔

مزید خبریں :