کھیل
04 جون ، 2017

چیمپئنز ٹرافی: پاکستان بھارت کے سامنے 164 رنز پر ڈھیر

چیمپئنز ٹرافی: پاکستان بھارت کے سامنے 164 رنز پر ڈھیر

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو 124 رنز سے شکست دے دی۔

برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو بلے بازی میں بھارت کی پوزیشن شروع سے ہی بہتر رہی۔

بھارتی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 136 رنز کی بہترین پارٹنر شپ فراہم کی۔ روہت شرما نے سب سے زیادہ 91 رنز بنائے جس میں 2 چھکے اور 7 چوکے بھی شامل تھے جب کہ ان کے ساتھی شیکر دھون ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

روہت شرما اور شیکر دھون کے بعد کپتان ویرات کوہلی اور یووراج سنگھ نے آکر کریز سنبھالی اور اپنی ٹیم کے اسکور کو تیزی سے آگے بڑھایا۔

شاداب خان کی گیند پر حسن علی نے 9 رن پر یووراج سنگھ کا آسان کیچ ڈراپ کردیا۔

یووراج سنگھ نے ایک موقعہ ملنے پر نصف سنچری مکمل کی اور 53 رنز کی اننگز کھیل کر حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ یووراج سنگھ نے 1 چھکا اور 8 چوکے لگائے۔

کپتان ویرات کوہلی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 68 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے جارحانہ 81 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

پانڈیا نے بھی یووراج سنگھ کا بھرپور ساتھ دیا اور جارحانہ بیٹنگ سے 8 گیندوں پر لگاتار 3 چھکوں کی مدد سے 20 رنز اسکور کیے۔ بھارت نے مقررہ 49 اوورز میں پاکستان کو جیت کے لیے 320 رنز کا ہدف دیا۔

بارش نے میچ کو تین مرتبہ متاثر کیا جس کے باعث پہلے میچ کو 49 اوورز تک محدود کیا گیا جس میں بھارت نے پاکستان کو 320 رنز کا ہدف دیا جب کہ ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 4 رنز اضافی پاکستان کے حصے میں آئے۔

پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع ہی کی تھی کہ کچھ دیر بعد پھر بارش ہوگئی اور میچ کو روک دیا گیا۔

بارش کے بعد میچ دوبارہ شروع ہونے پر کھیل کو مزید محدود کرکے 41 اوورز تک کردیا گیا اور پاکستان کے لیے 289 رنز کا ہدف مقرر کیا گیا۔

بھارت کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ سوکھے پتوں کی طرح بکھر گئی۔ پوری ٹیم میں صرف اظہر علی 50 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور اظہر علی نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 47 رنز پر قومی ٹیم کی پہلی وکٹ گرگئی۔

احمد شہزاد بھونیشور کمار کی گیند پر صرف 12 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوگئے جب کہ بابر اعظم بھی 8 رنز بناکر یادیو کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے۔

اظہر علی 50 رنز پر بھارتی بولر رویندرا جدیجا کی گیند پر پانڈیا کو کیچ دے بیٹھے جب کہ شعیب ملک صرف 15 رنز بنا کر اومیش یادیو کی گیند پر جدیجا کے ہاتھوں رن آوٹ ہوگئے۔

سابق کپتان محمد حفیظ نے آکر ٹیم کو کچھ سہارا دیا لیکن وہ بھی 33 رنز پر بھونیشور کمار کی گیند پر جدیجا کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوکر پویلین روانہ ہوگئے جب کہ عماد وسیم بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوگئے۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی اہم ترین میچ میں کوئی کارکردگی نہ دکھاسکے اور صرف 15 رنز بناکر پویلین واپس روانہ ہوگئے۔

اس کے علاوہ محمد عامر نے 9 اور حسن علی بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوگئے جب کہ وہاب ریاض زخمی ہونے کے باعث بیٹنگ کرنے نہیں آسکے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی اور شاداب خان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی جب کہ محمد عامر، عماد وسیم، وہاب ریاض اور شعیب ملک کوئی وکٹ نہ لے سکے۔

وہاب ریاض سب سے زیادہ مہنگے ثابت ہوئے اور 8.4 اوورز میں 87 رنز دیئے۔

بھارت کی جانب سے اومیش یادیو نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ پانڈیا اور جدیجا نے 2،2 اور بھونیشور کمار نے ایک وکٹ حاصل کی۔

یووراج سنگھ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آئی سی سی ایونٹس میں پاکستانی ٹیم بھارت کے ہاتھوں مسلسل شکست کے زخم سہ رہی ہے، تاہم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ایسا ایونٹ ہے جس میں پاکستان نے بھارت کو دو بار شکست دی ہے۔ 2004 میں ایجبسٹن میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی تھی۔ اس گراؤنڈ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف دو میچ کھیلے ہیں ایک جیتا ہے اور ایک میں اسے شکست ہوئی۔

پاکستان نے 2014 میں آخری بار بھارت کو ایشیا کپ میں ڈھاکا میں شکست دی۔اس میچ میں شاہد آفریدی نے ایشون کو دو گیندوں پر دو چھکے لگا کر ناممکن کو ممکن بنایا تھا۔2015 ورلڈ کپ میں ایڈیلیڈ میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مزید خبریں :