کھیل
05 جون ، 2017

چیمپئنز ٹرافی :بنگلا دیش کا آسٹریلیا کو 183رنز کا ہدف

چیمپئنز ٹرافی :بنگلا دیش کا آسٹریلیا کو 183رنز کا ہدف

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پانچویں اور گروپ اے کے اہم میچ میں بنگلا دیش نے آسٹریلیا کو جیت کے لئے 183رنز کا ہدف دیدیا ۔

لندن کے اوول گرائونڈ پر بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، سوائے تمیم اقبال کے کوئی بھی بنگلا دیشی بیٹسمین آسٹریلوی بائولرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کرسکا ۔

بنگلادیشی ٹیم کی پہلی وکٹ 22 کے اسکور پر گری، اوپنر سومیا سرکار کو ہیزل ووڈ نے 3 کے انفرادی اسکور پر پویلین کی راہ دکھائی ۔

دوسرے آوٹ ہونے والے بیٹسمین امرالقیس تھے، وہ 6رنز پر کیومنس کا شکار بنے،اس طرح 37 کے اسکور پر 2 بنگلادیشی کھلاڑی میدان سے واپس لوٹ چکے تھے ۔

53 کے اسکور پر بنگلادیش کی تیسری وکٹ بھی گر گئی، مشفق الرحیم نے 9رنز ہی بنائے تھے کہ ہینرک کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔

ایسے وقت میں شکیب الحسن نے اوپنر تمیم اقبال کے ساتھ 69 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی، 2 چوکوں کی مدد سے شکیب ابھی 29 کے انفرادی اسکور پر پہنچے ہی تھے کہ ٹریوس ہیڈز کی گھومتی گیند نے انہیں میدان سے باہر جانے پر مجبور کردیا ۔

بنگلا دیش کے صابر رحمان اورمحمد اللہ نے 8،8 رنز بنائے، وہ زیادہ دیر تک ایک اینڈ سنبھالے ہوئے تمیم اقبال کا ساتھ نہ دے سکے ۔

181کے مجموعے پر محتاط اور ذمہ دارانہ انداز سے کھیل رہے تمیم اقبال کی ہمت جواب دے گئی، انہوں نے 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 95 رنز بنائے۔

اس کے بعد صرف ایک رنز کے اضافے کے ساتھ ہی مشرفی مرتضی ٰ صفر ، روبیل حسین صفر اور مہدی حسن مرزا 14رنز بھی میدان چھوڑ گئے،ان تینوں بیٹسمینوں کو مچل اسٹاک نے آوٹ کیا۔

آسٹریلیا کی طرف سے اسٹاک نے 4 اور ایڈم زمپا نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہیزل ووڈ ،کیومنس، ہینرک نے 1،1 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی ۔

ایونٹ میں آسٹریلیا اور بنگلادیش کی ٹیموں کا یہ دوسرا میچ ہے، بنگلادیش کو انگلینڈ نے 8وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کی نذر ہوگیاتھااور دونوں ٹیموں کے حصے میں ایک ایک پوائنٹ آیا۔

ایونٹ میں ابتدائی میچ ہارنے والی ٹیموں میں سری لنکا اور پاکستان بھی شامل ہیں، بنگلادیش آج کے میچ میں شکست کی صورت میں ایونٹ سے باہر ہوجائے گا ۔

مزید خبریں :