09 جون ، 2017
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے18لائن مین اس سال دورانِ ڈیوٹی کرنٹ لگنےسےجاں بحق ہوچکےہیں۔
چیف لیسکو نے اعلان کیا ہے کہ چند ماہ میں کرینوں اوردستانوں سمیت دیگرضروری آلات فراہم کر دیئے جائیں گے تاکہ لائن مین محفوظ رہ سکیں۔
لاہورمیں سرکل فائیو لیسکو کے زیر اہتمام سیفٹی کانفرنس ہوئی، ہائیڈرو لیبر یونین کے عہدے داروں کا کہنا تھا کہ دورانِ ڈیوٹی اس سال18 لائن مین جان سےہاتھ دھو چکے ہیں، ان ہلاکتوں کی وجہ کام کی زیادتی، بجلی کے ناقص آلات، افسران کی غفلت اور تربیت کا فقدان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غریب لائن مینوں کی جان کی کوئی اہمیت نہیں، ورنہ کرینوں سمیت دیگرآلات کا فوری انتظام ہوچکا ہوتا،تاہم ہم سب کو اپنی جان کی حفاظت خودکرنا ہوگی ۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو واجد کاظمی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کھمبوں پر چڑھنے سے پہلے احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی جاتیں، اس کے ذمے دار ہم سب ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ جلد کروڑ وں روپے مالیت کی کرنٹ پروف کرینیں خرید لیں گے۔
چیف لیسکو کا کہنا تھاکہ لاہور میں کھمبوں اورتاروں کا نظام مثالی بنانے کیلئےکوشاں ہیں، نظام درست کئے بغیر حادثات کو مکمل روکنا ممکن نہیں۔