خصوصی رپورٹس
12 جون ، 2017

اکشے کمار کی’ ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘

اکشے کمار کی’ ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘

محبت میں مجنوں نے ریگستان کی خاک چھانی، فرہاد نے دودھ کی نہر بنائی، شاہجہاں نے تاج محل تعمیر کرایا اب اسی محبت میں گرفتار عاشق کیلئے چیلنج بنا ہے گھر میں ”ٹوائلٹ“ بنوانا۔

جی ہاں اکشے کمار کی نئی فلم ”ٹوائلٹ ایک پریم کتھا“ کے ٹریلر نے ریلیز ہوتے ہی کروڑوں لوگوں کو متاثر کردیا ہے۔ٹوائلٹ کا گھر میں نہ ہونا دنیا بھر میں کروڑوں افراد کا مسئلہ ہے۔ اس سے صرف حضرات ہی نہیں خواتین بھی پریشان ہیں۔

پاکستان میں بھی شہر ہو یا گاوٴں لاکھوں لوگ اس سہولت سے محروم ہیں۔ کراچی جیسے بڑے شہر میں بھی بس کے سفر کے دوران یا پیدل چلتے دائیں بائیں ایسے مناظر دکھائی دے جاتے ہیں جہاں لو گ اس سہولت سے محروم ہونے کی وجہ سے دیواروں کو گندا کرتے نظر آتے ہیں ۔

بھارت میں تو حال بہت ہی برا ہے ۔وہاں کروڑوں شہری اور دیہاتی بیت الخلا کی سہولت سے محروم ہیں بلکہ کئی گاوٴں تو ایسے ہیں جہاں پورے علاقے میں ٹوائلٹ نہیں ۔مرد اور عورتیں قریب کے کھیتوں کو اپنی آسانی اور ضرورت کیلئے استعمال کرتے ہیں۔

”ٹوائلٹ ایک پریم کتھا“ بھی ایک ایسے ہی گاوٴں کی کہانی ہے جہاں دوسرے گاوٴں سے آنے والی لڑکی اپنے شوہر ، اُس کے خاندان بلکہ پورے گاوٴں کے سامنے اپنے حق یعنی ٹوائلٹ کیلئے ڈٹ جاتی ہے اور دوسری خواتین کو بھی ضرورت کا احساس دلاتی ہے۔

ٹریلر میں’’ سوشل چینج “ جیسے سنجیدہ مقصد کیلئے ہلکی پھلکی کامیڈی کا بہترین استعمال کیا گیا ہے۔اکشے کمار کی اس فلم کا سپر ہٹ ہونا یقینی ہے کیونکہ یہ فلم کئی بھارتی ریاستوں میں ٹیکس فری ہوگی۔اس فلم کا بجٹ بھی زیادہ نہیں لیکن پھر بھی یہ فلم ممکنہ طور پر اکشے کمار کی پہلی دو سو کروڑ کی فلم بن سکتی ہے۔

اکشے کمار اس سے پہلے سو سو کروڑ کی 6فلمیں باکس آفس کو دے چکے ہیں لیکن 2016کا یہ رستم ابھی تک 200کروڑ کلب کا ممبر شپ حاصل نہیں کرسکا۔اِس فلم میں اکشے کمار کا اسٹائل ”جولی ایل ایل بی“ والے اکشے سے بھی زیادہ سادہ ہے۔

فلم میں پہلے اکشے کی محبوبہ اور پھر دلہنیا کا کردار نبھایا ہے بھومی پڈنیکر نے یہ وہی بھومی ہیں جو ”دم لگا کے ہیشا“ میں موٹی بیوی کے کردار میں نظر آئی تھیں۔ دونوں فلموں میں بھومی کا روپ دیکھ کر لگتا ہی نہیں ہے کہ دونوں کردار ایک ہی ایکٹرس نے ادا کیے ہیں۔اس فلم میں بھی بھومی کی ایکٹنگ دیکھ کر ان کی چوائس کو داد دینا بنتی ہے کیونکہ ان کی دونوں فلمیں ذرا نہیں بالکل ”ہَٹ “کر ہیں۔

اکشے کے بھائی کے کردار میں ایک اور ٹیلنٹڈ اداکار ہیں جن کا نام ہے ”دیوندیو شرما“ ہے۔ یہ ’پیار کا پنچ نامہ‘ سے مشہور ہوئے اور علی ظفر کے ساتھ ”چشم بدور“ میں بھی نظر آئے تھے۔کچھ عرصہ فلموں سے غائب رہنے کے بعد دیوندیو کی اینٹری ایک سرپرائز ثابت ہوئی۔

دو سال پہلے نواز الدین صدیقی کی فلم ”منجھی“ ریلیز ہوئی تھی جس میں نواز الدین صدیقی اپنی محبت کیلئے اکیلا ایک پہاڑ کو برسوں کی محنت کے بعد کاٹ کر اس میں سے راستہ بناتا ہے۔ ’منجھی‘ کی مختلف فیسٹولز میں تعریف سب نے کی لیکن باکس آفس پر یہ فلم ناکام ہوئی ۔اب ٹوائلٹ بنانے کا چیلنج اکشے کمار کو باکس آفس پر کتنی کامیابی دلاتا ہے اس کیلئے صرف اگست تک کا انتظار کرنا ہوگا۔۔۔

مزید خبریں :