پاکستان
15 جون ، 2017

کراچی سینٹرل جیل سے کالعدم تنظیم کے 2قیدی فرار

کراچی سینٹرل جیل سے کالعدم تنظیم کے 2قیدی فرار

کراچی سینٹرل جیل میں 3 دن پہلے دہشت گردی کے خلاف مشق ہوئی اور گزشتہ روز دو خطرناک قیدی فرار ہوگئے۔ صوبائی وزیر قانون کے حکم پر سپرنٹنڈنٹ جیل سمیت 12 اہلکاروں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔

سینٹرل جیل کراچی سے کالعدم جماعت کے دو خطرناک دہشت گرد بآسانی فرار ہوگئے۔ دونوں قیدی سینٹرل جیل میں قائم جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کیلئے آئے تھے۔

ملزم شیخ محمد عرف فرعون اور احمد خان عرف منا کو 2013 میں سی ٹی ڈی نے گرفتار کیا تھا۔ دونوں ملزموں کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے تھا، ملزمان فرقہ وارانہ قتل اور پولیس پر حملوں میں ملوث تھے۔احمد منا کو ایک کیس میں دس سال قید کی سزا بھی ہوچکی تھی۔

قیدیوں کے فرار ہونے کے معاملے پر صوبائی وزیر قانون و جیل خانہ جات کے حکم پر سینٹرل جیل پولیس کے 12اہلکاروں کو گرفتار کرکے لاک اپ کردیاگیا، ان میں جیل سپرنٹنڈنٹ اورڈپٹی جیل سپرنٹنڈنٹ بھی شامل ہیں۔

ڈی آئی جی جیل خانہ جات کی مدعیت میں ملزمان اور جیل کے 12 اہلکاروں کے خلاف نیوٹاؤن تھانے میں مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سینٹرل جیل میں گزشتہ اتوار اورپیر کی درمیانی شب سیکیورٹی اقدامات کے جائزہ کےلیے ریہرسل بھی کی گئی تھی لیکن قیدیوں کے فرار نے سیکیورٹی اقدامات کی قلعی کھول کررکھ دی ہے۔

مزید خبریں :