20 جون ، 2017
باکس آفس اس وقت تو ٹھنڈا ہے لیکن عید پر بڑی فلمیں آرہی ہیں۔۔۔ سب سے کروڑوں کی عیدیاں سمیٹنے۔ بالی وڈ میں” ٹیوب لائٹ“ روشن ہوگی تو ہالی وڈ میں ٹرانسفارمرز 5 کا راج ہوگا۔ پاکستان میں ”یلغار “اور” مہرالنساء وی لب یو“ کے درمیان کروڑوں کی جنگ ہوگی۔
اب عید میں بس کچھ ہی دن رہ گئے، کون کتنا کمائے گا،کچھ بھی چھپ نہیں پائے گا،سب سامنے آجائے گا۔ابھی تو ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ اس وقت کون سی فلم کتنے پیسے چھاپ چکی ہے۔
باکس آفس کیلئے سب سے بڑی خبر تو ”دنگل“ ہی ہے جس نے دنیا بھر میں2000 کروڑ یعنی پاکستانی 32 ارب روپے کمالیے ۔’دنگل‘ نے صرف چین میں ہی 1200کروڑ کی کمائی کی ۔
پاکستانی حسینہ صبا قمر کی ”ہندی میڈیم“ کا بالی وڈ پر راج برقرار ہے ۔22کروڑ کی لاگت سے بننے والی فلم دنیا بھر سے111کروڑ کماچکی ہے۔فلم کے ڈیجیٹل، میوزک اور سیٹلائٹ رائٹس سے ملنے والی 15کروڑ الگ یعنی فلم بنانے والوں کے مزے آگئے۔
”ہندی میڈیم“ کے پروڈیوسرز ہی کی بڑے بجٹ کی چھوٹی فلم ”رابطہ“ بری طرح فلاپ ہوئی۔ سشانت سنگھ راجپوت اور کیرتی سنن کی فلم باکس آفس سے اب تک 10دنوں میں30 کروڑ بھی کما نہیں سکی۔
اس ہفتے ریلیز ہونے والی رتیش دیش مکھ اور ویویک اوبرائے کی بینک چور کے اکاوٴنٹ میں 3دن صرف5کروڑ ہی جمع ہوپائے۔ یہ فلم سال کی بڑی ناکام فلموں میں شامل ہوگئی ہے۔
ہالی وڈ میں نارتھ امریکن باکس آفس پرٹام کروز کی ”دی ممی“اور جانی ڈیپ کی” پائرٹس فائیو“ کا بیڑہ غرق ہوا لیکن دونوں فلموں نے چین اور دنیا بھر کے باقی ملکوں کی وجہ سے ٹھیک ٹھاک کمائی کرلی ہے۔ دی ممی نے امریکن باکس آفس سے اب تک صرف600 کروڑ پاکستانی روپے کمائے لیکن پوری دنیا سے فلم کی کمائی دس دنوں میں 30 ارب ہوچکی ہے۔
پائرٹس کی صرف امریکن باکس آفس سے کمائی1500 کروڑ ،امریکا سمیت دنیا بھر سے فلم نے 65 ارب کمالیے ہیں۔اس سال کی سرپرائز ہٹ ”ونڈر وومن“ نے امریکن باکس آفس سے 28 ارب سمیٹ لیے ہیں ۔دنیا بھر سے اس فلم کا بزنس 60 ارب کے پاس ہوچکاہے۔
اس ہفتے ہالی وڈ پر اینی میٹڈ فلم ”کارز 3“ کی ”ڈرائیو“ کامیاب ہوئی ۔فلم نے صرف تین دن میں550 کروڑ پاکستانی روپے اور دنیا بھر سے 800 کروڑ کا بزنس کیا ہے۔دنیا کے سب سے بڑے باکس آفس چینی سنیماوٴں میں ہالی وڈ کی فلم”ایلین“ نے پہلے تین دنوں میں300 کروڑ کمالیے ہیں۔
ٹام کروز کی فلم دی ممی چین سے اب تک 850 کروڑ پاکستانی روپوں کا بزنس کرچکی ہے ۔پائرٹس فائیو کا یہاں بزنس 1800کروڑ ہوچکا ہے لیکن عامر خان کی دنگل صرف چین میں اب تک پاکستانی روپوں میں1900 کروڑ کماچکی ہے یہ بزنس دنگل نے 47 دنوں میں کیا ہے ۔