20 جون ، 2017
جنوبی افریقہ ان قریب گلوبل ٹی20 لیگ شروع کرنے والی ہے۔ لیگ میں8 ٹیموں کا اعلان کیا گیا، جن میں سے 2 کے مالکان کا تعلق جنوبی افریقہ سے ، 2کا تعلق پاکستان، 2خریدار بھارت سے جبکہ ایک ایک خریدار ہانگ کانگ اوردبئی سے ہے۔
ذرائع کے مطابق جنوبی افریقہ گلوبل ٹی 20 کی تقریب پیر کے روز لندن میں منعقد ہوئی ۔تقریب میں مالکان اپنے اپنے شہروں کی فرینچائز ز اور ساتھ ہی اپنی ٹیموں کے بڑے کھلاڑیوں کو سامنے لے کر آئے۔
پاکستان سپر لیگ کی 2 فرینچائزز کے مالکان بھی اس موقع پر موجود تھے اور انھوں نے بھی ایک ایک ٹیم خرید لی۔ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بینونی کی ٹیم، جبکہ لاہور قلندرز کے فواد رانا نے ڈربن کی ٹیم خریدلی ہے۔
پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کی گزشتہ روز ایک ٹوئٹ سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھی جس میں 'آج ایک بڑی خبر آنے والی ہے اور جاوید آفریدی، زلمی کے مداحوں کو زیادہ انتظار نہ کرواؤکا ذکر سامنے آیا تھا۔ سیمی نے اس ٹویٹ میں #ZalmiGoesGlobal کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا تھا۔
پروٹیرز کی گلوبل لیگ میں آدھی سے زیادہ فر ینچائز ز بین الاقوامی خریداروں نے خریدلی ہیں۔ان خریداروں میں سب سے بڑا نام آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک شاہ رخ خان ہیں جنہوں نے کیپ ٹاؤن کی ٹیم خریدی ہے۔انہوں نے اس کے علاوہ ویسٹ انڈیز کی ٹی 20 فرینچائز ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیکو بھی خریدی ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم دہلی ڈیئر ڈیول کی مالک کمپنی جی ایم آر نے جوہانسبرگ کی ٹیم کے حقوق حاصل کر لیے ہیں۔پریٹوریا کی فرینچائز جنوبی افریقی بزنس مین عثمان عثمان جبکہ اسٹیلن بوچ مشتاق گرے کے پاس گئی۔
بلوم فونٹین ہانگ کانگ کے سوشیل کمار جبکہ پورٹ الزبتھ دئبی کے اجے سیٹھی نے خریدی ہے۔کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے صدر کرس نینزانی نے امید ظاہر کی کہ اس ایونٹ کو بین الاقوامی تعاون حاصل ہو گا۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ ان ٹیموں میں کون سے بین الاقوامی کھلاڑی شامل ہوں گے۔ لیگ کے لیے 400 سے زائد انٹرنیشنل کھلاڑی اپنی رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔ کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ اگست میں ہونےکا امکان ہےجبکہ یہ ٹورنامنٹ نومبر میں شروع کیا جائے گا ۔