کھیل
10 جولائی ، 2012

تیسرا دن : پاکستان کے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 27 رنز

تیسرا دن : پاکستان کے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 27 رنز

پالی کیلے… پاکستان نے سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ پر 27رنز بنائے، اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے پاکستان کو مزید 84 رنز درکار ہیں۔ پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا 337 رنز بنا کر آوٴٹ ہوا تو پاکستان کے خلاف اسے 111 رنز کی برتری حاصل تھی۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 16 رنز پر گری جب توفیق عمر محض 4 رنز بنا کر کولا سیکارا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ محمد حفیظ 8 اور اظہر علی 6 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں، سری لنکا کی برتری ختم کرنے کیلئے پاکستان کو مزید84 رنز کی ضروری ہے۔ اس سے قبل سری لنکا کی پوری ٹیم 337 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، اس طرح اس نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 111 رنز کی برتری حاصل کی، پاکستانی لیفٹ آرم فاسٹ بولر جنید خان نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ میزبان ٹیم کے پرانا وتانا اور سمارا ویرا نے چوتھی وکٹ کیلئے 143 رنز کی شراکت قائم کی۔ وتانا 75 اور سماراویرا 73 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد پریرا اور کولا سیکارا نے 8 ویں وکٹ کی شراکت میں 84 رنزبناکر سری لنکا کی پوزیشن مزید مستحکم کردی۔ پریرا نے 75 اور کولاسیکارا نے 33 رنز بنائے۔ جنید خان نے 5، سعید اجمل نے 3 جبکہ عمر گل اور محمد سمیع نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ دوسرے دن کا کھیل بارش کی نذر ہوگیا تھا جبکہ سیریز میں سری لنکا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور پاکستان کو سیریز برابر کرنے کیلئے میچ میں فتح حاصل کرنا ضروری ہے۔

مزید خبریں :