10 جولائی ، 2012
اسلام آباد … چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ فخر الدین جی ابراہیم کی عمر زیادہ ہے لیکن ان کی ساکھ پر کسی کو اعتراض نہیں، پہلے بتارہا ہوں کہ عدالت قومی اسمبلی سے منظور کئے گئے توہین عدالت ترمیمی بل کو مسترد کردے گی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ توہین عدالت بل راجا پرویز اشرف کو بچانے کیلئے لایا گیا، یہ سارا قانون آصف زرداری کی بیرون ملک رقم بچانے کیلئے بنایا جارہا ہے، پہلے ہی بتارہا ہوں کہ عدالت توہین عدالت ترمیمی بل مسترد کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ توہین عدالت کا بل امتیازی قانون اور 1973ء کے آئین سے متصادم ہے، اس نے لوگوں کو تقسیم کردیا، عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر کے تقرر سے متعلق ان کا کہنا ہے کہ جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم کی عمر زیادہ ہے لیکن ان کی ساکھ پر کسی کو اعتراض نہیں۔