Geo News
Geo News

شہر شہر
29 جون ، 2017

کراچی: مون سون بارشیں، 354عمارتیں خطرناک قرار

کراچی: مون سون بارشیں، 354عمارتیں خطرناک قرار

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں رین ایمرجنسی سینٹر قائم کر دیا گیا، ایس بی سی اے ٹیکنیکل کمیٹی نے354مارتیں خطرناک قرار دیتے ہوئے مکینوں کو خبردار کیا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں اور مالی نقصان کے تحفظ کیلئے عمارتوں کو فی الفور خالی کردیاجائے ۔

ڈائریکٹر جنرل آف سندھ بلڈنگز آغا مقصود عباس کی ہدایات پر مون سون بارشوں کے پیش نظر محکمے میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، جس کے تحت ایس بی سی اے میں قائم ہنگامی مرکزمیں ادارے کے تمام ٹاؤن سیکشنز کا ٹیکنکل اسٹاف 24گھنٹے ایمرجنسی ڈیوٹی پر موجود رہے گا۔

خطرناک عمارتوں کی ٹیکنیکل کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق 354 عمارتوں میں رہائش یا استعمال خودان کے مکینوں کیلئے نقصان دہ ہے۔

بارشوں کے سبب یہ عمارتیں اپنا بوجھ برداشت نہیں کرسکتیں اور گرنے سے انسانی المیے کا سبب بن سکتی ہیں ، اسلئے خطرناک عمارتوں کے مکینوں یا دکانداروں کو خبردار کیا جاتا ہے کہ انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کی خاطران عمارتوں میں رہائش اور استعمال کو ترک کیا جائے۔

اس سلسلے میں ایس بی سی اے نے عوام سے درخواست کی ہے کہ دوران بارش خطرناک عمارتوں کے قریب نہ جایا جائے اور اپنے ارد گرد موجود خستہ حالت یا غیر معیاری تعمیرات کی حامل عمارتوں کی نشاندہی کی جائے۔

مزید خبریں :