26 جولائی ، 2017
سپریم کورٹ میں آج جہانگیر ترین کی آف شور کمپنی سے متعلق نااہلی کیس کی سماعت ہوگی ، سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کرے گا۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے حنیف عباسی کی درخواست پر عمران خان کی نااہلی سے متعلق سماعت پر کارروائی پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور کے بیرون ملک ہونے کے سبب روک دی ۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ جتنے روز انور منصور بیرون ملک ہیں، اس دوران جہانگیر ترین کے وکیل دلائل شروع کر دیں، عدالت ان کیسز کو جلد نمٹانا چاہتی ہے، ان مقدمات کے باعث عام لوگوں کے کیسز سننے میں تاخیر ہو رہی ہے۔
پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے عدالت کو بتایا تھاکہ انور منصور 31 تاریخ تک واپس آجائیں گے۔
حنیف عباسی کے وکیل کا کہنا تھا کہ وہ جواب الجواب انور منصور کے دلائل کے بعد دیں گے۔
عدالت نے اس دوران جہانگیر ترین کے وکیل کو ہدایت کی کہ وہ بدھ سے اپنے دلائل کا آغاز کردیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے عمران خان اور جہانگیر ترین کی آف شور کمپنی سے متعلق سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
عمران خان کی اف شور کمپنی سے متعلق انکے وکیل نعیم بخاری دلائل مکمل کر چکے ہیں جبکہ جہانگیر ترین کی آف شور کمپنی کے معاملے پر عدالت عظمیٰ کل سماعت کرے گی۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سماعت کرنے والا بینچ جسٹس فیصل عرب اور جسٹس عمر عطا بندیال پر مشتمل ہے ۔