27 جولائی ، 2017
تحریک انصاف کے رہنما بابراعوان کا کہنا ہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ تاخیر سے آنے کی کوئی قانونی وجہ نہیں ہے اور سپریم کورٹ اس کیس کا فیصلہ کل سنا سکتی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بابراعوان کا کہنا تھا کہ کل سے کہا جارہا ہے کہ سپریم کورٹ کے جج صاحبان اسلام آباد سے باہر ہیں جس کی وجہ سے پاناما کیس کا فیصلہ تاخیر کا شکار ہوجائے گا تاہم لازمی نہیں ہے کہ چند ججز کے اسلام آباد کے باہر ہونے سے فیصلہ تاخیر کا شکار ہو۔
بابراعوان نے کہا کہ اس بات کی وضاحت ضروری ہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ محفوظ کرنے والا بینچ پاناما بینچ نہیں بلکہ پاناما عملدرآمد بینچ ہے، دو یا تین ججز کی موجودگی میں بھی فیصلہ سنایا جاسکتا ہے جس کی مثال ماضی میں ملتی ہے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی سے 13 سوالات کے جوابات لانے کو کہا گیا جو تحقیقاتی ٹیم لے آئی ہے تاہم اب کہا جارہا ہے کہ ایک کے خلاف فیصلہ آئے تو دوسرے کو نہیں چھوڑنا۔