کھیل
01 اگست ، 2017

وسیم اکرم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو خیرباد کہہ دیا

وسیم اکرم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو خیرباد کہہ دیا

کراچی: پاکستان سپر لیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے ٹیم ڈائریکٹر وسیم اکرم نے عہدہ چھوڑ دیا ہے۔

وسیم اکرم کے ترجمان نے جیو ڈاٹ ٹی وی سے تصدیق کی ہے کہ عظیم کرکٹر ایک نئے فرنچائز سے معاہدہ کرنے جارہے ہیں۔

وسیم اکرم کے بزنس مینیجر ارسلان شاہ نے بتایا کہ وسیم اکرم اسلام آباد یونائیٹڈ چھوڑ چکے ہیں اور رواں ہفتے میں کسی دن پی ایس ایل کی نئی فرنچائز کے ساتھ معاہدہ کرلیں گے۔

اس پیشرفت کی تصدیق اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی ایک مختصر اعلامیے میں کردی ہے۔

فرنچائز ذرائع نے بتایا ہے کہ نئے ٹیم ڈائریکٹر کے لیے سری لنکا کے سنتھ جے سوریا، آسٹریلیا کے رکن پانٹنگ اور ویسٹ انڈیز کے برائن لارا کے نام زیر غور ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے ویو رچرڈز کا نام بھی زیر غور ہے جو کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ منسلک ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ ڈین جونز رکن پانٹنگ کی حمایت کررہے ہیں جس کے بعد وہ اس عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔

مزید خبریں :