03 اگست ، 2017
پاکستان تحریک انصاف سے علیحدہ ہونے والی عائشہ گلا لئی کا کہنا ہے کہ عمران خان نے مجھے 2013 میں بے ہودہ میسج کیا، ساتھ ساتھ شادی کا اشارہ دیا، اکیلے ملنے کا بھی کہا۔
عائشہ گلالئی نے جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں انکشاف کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ میسج ملنے پر میں والد اور بھائی کو ساتھ لے کر عمران خان کے پاس گئی، والد نے ان سے پوچھا کہ آپ کیا چاہتے ہیں، عمران خان شادی کی بات ادھر ادھر کرتے رہے ، بعد میں مجھے پھر کہا کہ اکیلے میں ملو اور پھر غلط میسجز کیے۔
عمران خان پر بدکرداری کا الزام لگانے والی عائشہ گلالئی نے مزید کئی باتوں کا انکشاف کرتے ہوئےعمران خان کی جانب سے خود کو ملنے والے بیہودہ میسجز کا کچا چٹھا کھول دیا۔
عائشہ گلا لئی نے جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں عمران خان کے مبینہ ایس ایم ایس پروگرام کے میزبان حامد میر کو دکھا دیے، یہ ایس ایم ایس انہوں نے پروگرام کی ریکارڈنگ کے دوران دکھائے،ایس ایم ایس دکھاتے وقت عوامی نیشنل پارٹی کی سینیٹر ستارہ ایاز بھی وہیں موجود تھیں ۔
منگل کو تحریک انصاف سے الگ ہونے والی عائشہ گلالئی نے کہا کہ عمران خان کے میسجز میں ان کو تنہا ملاقات کے لیے بلایا جاتا ہے،شادی کا اشارہ دیا جاتا ہے،جب اس بارے میں تحریک انصاف کے چیئرمین سے ان کے والد نے وضاحت طلب کی تو وہ گول مول باتیں کرگئے، بعد میں پھر اکیلے ملنے کا کہا،جب عمران خان کا مقصد پورا نہ ہوا تو انہوں نے پارٹی میں میرا رول کم کرنا شروع کردیا۔
عائشہ گلالئی نے خود پر الزامات لگانے والوں کے بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب تو بہت سے الزامات لگانے والے سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان پر الزامات کی بوچھاڑ کرنے والے نور زمان اور مجاہد خٹک نہ ان کے سیاسی معاون تھے، نہ ہی رشتے دار، ایم این اے بننے کے بعد لوگ اپنے مطلب کے لیے ان کے ساتھ ہولیے۔
عائشہ گلالئی نے کہا کہ الزام تراشی اور ہراساں کرنا تحریک انصاف کا کلچر بن چکا ہے، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر انہیں یا ان کے گھر والوں کو نقصان پہنچا تو ذمے دار عمران خان ہوں گے۔