24 اگست ، 2017
اسلام آباد: امریکی صدر ٹرمپ کے پاکستان پر الزامات کے بعد وزیر خارجہ خواجہ آصف امریکا نہیں جارہے۔
امریکی صدر نے جنوبی ایشیا اور افغانستان سے متعلق نئی پالیسی کے اعلان پر پاکستان پر الزامات عائد کیے تھے جسے پاکستان نے سختی سے مسترد کردیا ہے۔
گزشتہ دنوں وزیر خارجہ خواجہ آصف کے دورہ امریکا کی خبریں سامنے آئی تھیں جس پر چیرمین سینیٹ رضا ربانی نے بھی بیان دیا تھا کہ اس صورتحال میں خواجہ آصف کو امریکا کا دورہ ملتوی کرنا چاہیے۔
ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کو امریکا کے دورے کی تجویز دی گئی تھی اور دورہ حتمی طور پر طے نہیں تھا تاہم اب حکومتی سطح پر تفصیلی غور کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیر خارجہ امریکا نہیں جائیں گے۔
ذرائع نے کہا کہ حکومت کی جانب سے وزیر خارجہ کو دوست ممالک کے ساتھ رابطے مؤثر کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے اور وہ نئی امریکی پالیسی پر چین سمیت دیگر دوست ممالک کے ساتھ رابطے مؤثر بنائیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ کو ٹاسک دیئے جانے کے بعد خواجہ آصف کے جلد چین سمیت دیگر دوست ممالک کے دوروں کا امکان ہے۔