06 ستمبر ، 2017
اسلام آباد: پاناما کیس ریفرنسز کے حوالے سے نیب کے آج ہونے والے اجلاس کو کل تک کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔
پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نیب کے لاہور اور راولپنڈی ریجنل بورڈز نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز تیار کرکے ہیڈ کوارٹر کو بھجوادیئے ہیں جس کے بعد اب چیرمین نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس بلا کر ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کرنے کی منظوری دیں گے۔
ذرائع کے مطابق آج چیرمین نیب نے اجلاس طلب کیا تھا تاہم نیب کے پراسیکیوٹر کی عدم دستیابی کے باعث اجلاس کو کل تک کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ نیب کے پراسیکیوٹر جنرل لاہور میں موجود ہیں جو کل اسلام آباد پہنچیں گے۔
واضح رہے کہ 28 جولائی کو پاناما کیس فیصلے میں سپریم کورٹ کی جانب سے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے لیے نیب کو 6 ہفتوں کا وقت دیا گیا تھا جس کی مدت 8 ستمبر کو ختم ہورہی ہے۔