11 ستمبر ، 2017
اسلام آباد: چیف شماریات آصف باجوہ نے مردم شماری کے عبوری نتائج پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغان مہاجرین کو بھی عام آبادیوں میں شمار کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی 1998 میں گنتی مہاجر کیمپوں میں کی گئی، 2005 کے بعد افغان مہاجرین آبادیوں میں آگئے۔
انہوں نے بتایا کہ مردم شماری کے دوران شہری آبادیوں کو مختلف بلاکس میں تقسیم کیاگیا جبکہ دیہی علاقوں میں آبادی کو موضوعات کے لحاظ سے تقسیم کیاگیاہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ مردم شماری کے عبوری نتائج پیش کیے گئے جس کے مطابق پاکستان کی مجموعی آبادی 20 کروڑ 77 لاکھ 74 ہزار 520 ہے۔
عبوری نتائج کے مطابق مردوں کی تعداد 10 کروڑ 64 لاکھ 49 ہزار 322 اور خواتین کی تعداد 10 کروڑ 13 لاکھ 14 ہزار 780 ہے۔ ملک میں اس وقت مخنثوں کی تعداد 10 ہزار 4 سو 18 بتائی گئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملک میں مجموعی طور پر 3 کروڑ 22 لاکھ گھر ہیں اور 1981 کے مقابلے میں پاکستان کی آبادی میں 146.6 فیصد اضافہ ہوا۔
صوبوں میں سب سے زیادہ آبادی پنجاب کی ہے جو کہ 11 کروڑ 12 لاکھ 422 ہے، سندھ کی آبادی 4 کروڑ 78 لاکھ 86 ہزار 51 ، خیبرپختونخوا کی آبادی 3 کروڑ 5 لاکھ 23 ہزار 271 اور بلوچستان کی آبادی ایک کروڑ 23 لاکھ 44 ہزار 408 ہے۔
پنجاب میں ملک کی کل آبادی کا 53 فیصد، سندھ 23عشاریہ 12 فیصد، خیبرپختونخوا میں 14عشاریہ 7 فیصد اور فاٹا 2 اعشاریہ 4 فیصد ہے۔