12 ستمبر ، 2017
لاہور: بابر اعظم کی شاندار بلے بازی کی بدولت پاکستان نے ورلڈ الیون کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 20 رنز سے شکست دے دی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کے 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ورلڈ الیون سات وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز ہی بناسکی۔
ورلڈ الیون کی جانب سے اوپنر تمیم اقبال اور ہاشم آملہ نے محتاط انداز میں اننگ کا آغاز کیا لیکن 43 کے مجموعی اسکور پر تمیم اقبال 18 رنز بناکر رومان رئیس کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
چھٹے اوور میں ہی ہاشم آملہ بھی 26 رنز بناکر رومان رئیس کی گیند پر عماد وسیم کو کیچ دے بیٹھے۔
ورلڈ الیون کی تیسری وکٹ 13 ویں اوور میں کپتان فاف ڈوپلیسی کی گری جو 29 رنز بناکر شاداب کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
رومان رئیس نے جارح مزاج ٹم پین کا 25 رنز پر سہیل خان کی گیند پر آسان کیچ لیا جب کہ ڈیوڈ ملر 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جو شاداب خان کی گھومتی ہوئی گیند پر وکٹ کیپر کپتان سرفراز احمد کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ ہوئے۔
جارح مزاج گرانٹ ایلیٹ 14 رنز بناکر سہیل خان کی گیند پر عماد وسیم کو کیچ دے بیٹھے جب کہ تھیسارا پرپرا 17 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے سہیل خان، شاداب خان اور رمان رئیس نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین لوٹایا۔
اس سے قبل قومی ٹیم نے اپنے مقررہ 20 اووروں میں 197 رنز بنائے جس میں نمایاں کردار بابر اعظم کا تھا جنہوں نے 86 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تھی۔
بابر اعظم نے شاندار اننگ میں 10 چوکے اور 2 چھکے لگائے تاہم وہ پاکستانی سرزمین پر سنچری بنانے والے پہلے بلے باز نہ بن سکے اور عمران طاہر کی گیند کا شکار بن گئے۔
جارح مزاج بلے باز فخر زمان اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں فخر زمان 2 گیندوں پر 8 رنز بنانے کے بعد مورنی مورکل کی گیند پر ہاشم آملہ کو کیچ دے بیٹھے۔
پاکستان اوپنر احمد شہزاد 39 رنز پر بین کٹنگ کی گیند پر سیمی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، احمد شہزاد اور بابر اعظم نے تیسری وکٹ پر 122 رنز کی شراکت قائم کی۔
18 ویں اوورز کی آخری گیند پر پاکستان کپتان سرفراز احمد 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستانی مڈل آرڈر بیسٹیمن شعیب ملک نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 20 گیندوں پر4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 38 رنز بناکر تھسارا پریرا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
عماد وسیم نے بھی جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 4 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
ورلڈ الیون کی جانب سے تھسارا پریرا نے دو جبکہ عمران طاہر، بین کٹنگ اور مارنی مارکل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں مہمان ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر بیٹی کی پیدائش کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہ بن سکے جب کہ عثمان شنواری کی جگہ سہیل خان کو ٹیم میں جگہ دی گئی۔
ٹاس سے قبل مہمان ٹیم کو خصوصی رکشوں میں لایا گیا تو شائقین کرکٹ کے جوش میں مزید اضافہ ہوگیا۔
مہمان کھلاڑیوں کو رکشوں میں گراؤنڈ کے چکر لگوائے گئے اور شائقین نے کھڑے ہو کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔
کپتان فاف ڈوپلیسی، ہاشم آملہ، عمران طاہر، مورنی مورکل اور ٹم پین ایک رکشے میں بیٹھے جب کہ ڈیرن سیمی، جارج بیلی دوسرے رکشے میں بیٹھ کر میدان میں داخل ہوئے۔
سیریز کا اگلا میچ بدھ کو کھیلا جائے گا۔ بابر اعظم کو میچ وننگ اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔