14 ستمبر ، 2017
اسلام آباد: احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے دائر ریفرنسز میں شریف خاندان کو 19 اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو 20 ستمبر کو طلب کرلیا۔
گزشتہ روز احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف، ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کو فلیگ شپ ریفرنس میں 19 ستمبر کو پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا۔
جیونیوز کے مطابق احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے دائر مزید 2 ریفرنسز میں شریف خاندان کے دیگر افراد کو بھی اسی روز طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ نوازشریف اور ان کے بیٹوں کو العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس جب کہ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو لندن فلیٹ ریفرنس میں طلب کیا گیا ہے ۔
شریف خاندان کے تمام افراد کو تینوں ریفرنسز میں 19 ستمبر کو ہی طلب کیا گیا ہے۔
دوسری جانب احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اوپن کورٹ میں میڈیا کے داخلے پر پابندی عائد کردی اور کہا کہ عدالتی عملہ سماعت کے بعد میڈیا کو کارروائی سے آگاہ کرے گا۔
احتساب عدالت کے جج نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بھی 20 ستمبر کو طلب کرلیا جس کے لیے انہیں نوٹس بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹس اسحاق ڈار کے گلبرگ لاہور کے پتے پر جاری کیا گیا ہے جس میں انہیں صبح 9 بجے عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں ریفرنس تیار کیے ہیں جن میں شریف خاندان کے خلاف تین اور اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے کا ایک ریفرنس بنایا گیا ہے جب کہ سپریم کورٹ کے معزز جج بھی نیب ریفرنسز کے نگراں مقرر ہیں۔