18 ستمبر ، 2017
ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان کا دورہ کرنے والے جنوبی افریقی اوپنر ہاشم آملہ کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کی مہمان نوازی نے گھر جیسا ماحول دیا۔
جیو نیوز سے گفت گو میں ہاشم آملہ نے کہا کہ پاکستان آکر بہت اچھا لگا اور پاکستانیوں کی مہمان نوازی نے گھر جیسا ماحول دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے وقت پر ٹیسٹ سیریز میں مصروف ہوں گا لیکن اگر فارغ ہوا تو پاکستان سپر لیگ میں ضرور حصہ لوں گا۔
جنوبی افریقہ کے کرکٹر کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو پاکستان جانے سے پہلے سیکیورٹی معاملات پر بریفنگ دی گئی تھی اور اس بریفنگ سے ہی اندازہ ہوگیا تھا کہ یہ ایونٹ کامیاب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے جو قدم اٹھایا تھا وہ بہت بڑا تھا اور مکمل کرکٹ کی بحالی کیلئے ایسے اقدامات ضروری ہیں۔
انہوں نے جنوبی افریقی لیگ میں قلندرز کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لاہور قلندر کے جیز رائزنگ اسٹارز پروگرام کی تعریف کی اور کہا کہ لاکھوں بچوں کو جمع کرکے ٹیلنٹ تلاش کرنا آسان کام نہیں۔