Time 25 ستمبر ، 2017
پاکستان

انتخابی اصلاحات کے حق میں ووٹ، ایم کیو ایم کے میاں عتیق کی پارٹی رکنیت ختم

کراچی: ایم کیوایم پاکستان نے انتخابی اصلاحات کے لیے (ن) لیگ کو ووٹ دینے پر میاں عتیق کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کردی۔

مسلم لیگ (ن) نے گزشتہ روز سینیٹ سے انتخابی اصلاحات بل منظور کرایا جس میں پیپلزپارٹی کی جانب سے پیش کی گئی ترمیم ایک ووٹ سے مسترد ہوگئی اور وہ ایک ووٹ ایم کیوایم پاکستان کے رکن میاں عتیق نے (ن) لیگ کے حق میں دیا۔

ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے اس حوالے سے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر (ن) لیگ کو ووٹ دیا گیا ہے تو کارروائی ہوگی۔

سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے سے متعلق ایم کیو ایم پاکستان کا اجلاس ہوا جس میں میاں عتیق سمیت دیگر سینیٹرز نے شرکت کی جب کہ اس دوران میاں عتیق سے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے سے پر وضاحت طلب کی گئی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پارٹی نے پیپلز پارٹی کی تحریک کی حمایت کا فیصلہ کیا تھا جس کی میاں عتیق نے خلاف ورزی کی، اس لیے ان کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کردی گئی۔

ادھر جیونیوز سے گفتگو میں میاں عتیق کا کہنا تھاکہ انتخابات بل پیپلز پارٹی کی دوغلی پالیسی کی وجہ سے منظور ہوا ، بل کی منظوری میں ایم کیو ایم یا ڈاکٹر فاروق ستار کا کوئی کردار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں پیپلز پارٹی اور اپوزیشن کی حکمت عملی واضح نہیں تھی اور ان سے ملاقات میں فاروق ستار نے انہیں پارٹی سے نکالے جانے کے بارے میں کچھ نہیں کہا۔

میاں عتیق نے کہا کہ انہوں نے پارٹی نہیں چھوڑی وہ اب بھی ایم کیوایم پاکستان کے ساتھ ہیں۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے چیف وہپ شیخ صلاح الدین کا کہنا تھا کہ چیرمین سینیٹ کے علم میں تھا کہ انتخابات بل میں اہم ترمیم آرہی ہے، انہیں اس بارے میں ممبران کو پہلے آگاہ کرنا چاہیے تھا۔

مزید خبریں :