25 ستمبر ، 2017
لاہور: جماعتِ اسلامی کے امیر سراج الحق نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی قبل از وقت انتخابات کی تجویز کی مخالفت کردی۔
سراج الحق منصورہ لاہور میں جماعتِ اسلامی کی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن اب ہوں گے تو حکومت کہےگی کہ انہیں مدت پوری نہیں کرنےدی گئی، وگرنہ وہ آسمان سےتارے توڑ لاتے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت نے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے پارلیمنٹ میں کمیٹی بنائی مگر سینیٹ میں اصلاحات کو مشکوک بنادیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک فرد کے لئے ترامیم بادشاہت میں ممکن ہیں، جمہوریت میں نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کہ نااہل شخص کو سیاسی جماعت کا سربراہ بنانا عدالتی فیصلوں پرشبِ خون مارنےکے مترادف ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے قبل ازوقت انتخابات کا مطالبہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلیے صاف شفاف الیکشن کرائے جائیں، شاہد خاقان عباسی بہت کمزور وزیراعظم ہیں، ان پر خود ایل این جی کرپشن کا دھبا ہے۔