Time 27 ستمبر ، 2017
پاکستان

بلوں کی عدم ادائیگی پر جامعہ کراچی کی بجلی منقطع

کراچی: بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی کے باعث کے الیکٹرک نے جامعہ کراچی کی بجلی منقطع کردی ہے۔

ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ جامعہ پر 6 کروڑ روپے واجب الادا ہیں جبکہ اس کے تمام شعبے اور ایڈمنسٹریشن بلاک بجلی سے محروم ہیں۔

ترجمان جامعہ کراچی کا کہنا ہے کہ صبح سے بجلی نہیں جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔

اس سے قبل جامعہ کے سنگین مالی بحران سے متعلق خبریں سامنے آئی تھین جن کے مطابق ملک کی سب سے بڑی درسگاہ 70 کروڑ روپے خسارے کا شکار تھی۔

تفصیلات کے مطابق مالی بحران کے باعث انتظامیہ ملازمین کی تنخواہیں اور بل ادا کرنے سے بھی قاصر ہے جبکہ اکاوئنٹ خالی ہونے کے باعث ملازمین کو دیے گئے چیک بھی باؤنس ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

بحران کی وجہ سے ملازمین کے لیے میڈیکل سہولیات بھی بند ہیں جبکہ بجلی، پانی اور گیس کے بل بھی ادا نہ ہو سکے۔

مالی بحران کے باعث جامعہ کراچی میں ریسرچ کا کام بھی بری طرح متاثر ہورہا ہے جبکہ کئی شعبہ جات خستہ حالی کا شکار ہیں۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر نے وفاقی و صوبائی حکومت سے جامعہ کراچی کو ہنگامی بنیادوں پر فنڈز فراہم کرنے کی اپیل کی تھی۔

بجلی بحال

بعدازاں ترجمان کے الیکٹرک نے بتایا کہ بلوں کی ادائیگی کی یقین دہانی کروانے پر جامعہ کی بجلی بحال کردی گئی۔

مزید خبریں :