Time 06 اکتوبر ، 2017
پاکستان

عمران خان کا نواز شریف پر اداروں پر حملوں کیلئے ن لیگ کے استعمال کا الزام


پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف اداروں پر حملوں کے لیے ن لیگ کو استعمال کررہے ہیں۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کسی اصول کے لیے نہیں بلکہ منی لانڈرنگ کا پیسہ بچانے کے لیے لڑ رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اگر نواز شریف پر منی لانڈرنگ ثابت ہوئی تو ان کا باہر سارا پیسا منجمد ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ پر حملہ جمہوریت پر حملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور پیپلزپارٹی کرپشن بچانے کے لیے قمرزمان چودھری جیسا چیئرمین نیب لانا چاہتے ہیں، ایسا چیئرمین جو کرپشن پکڑنے کے بجائے انھیں بچائے۔

پی ٹی آئی سربراہ نے کہا کہ گورنر سندھ محمد زبیر نے اعتراف کیا ہے کہ اسحاق ڈار نے معیشت سے متعلق نواز شریف سے جھوٹ بولا۔

ان کا کہنا تھا کہ فاٹا کے خیبرپختونخوا سے انضمام کا جو موقع ملا ہے وفاقی حکومت اسے ضائع کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں بالخصوص شمالی و جنوبی وزیرستان کے حالات بہت برے ہیں، ضروری ہے کہ صوبائی اسمبلی میں وہاں کے لوگوں کی بھی نمائندگی ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس قبائلی علاقوں کو صوبے میں ضم کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔

عمران خان نے کہا کہ فاٹا کے انضمام کو اگر موخر کیا گیا تو اس کا نقصان قبائلیوں کو ہوگا اور دہشت گردی کو دوبارہ رخ کرنے کا موقع ملے گا، فاٹا کا انضمام 2018 میں شروع ہوجانا چاہیے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ محمود خان اچکزئی تو افغانستان کے مفاد کی بات کر تے ہیں، ان کا فاٹا سے کچھ لینا دینا ہی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا سیکریٹریٹ کرپشن کا اڈا ہے اور کرپشن کی وجہ سے قبائلی علاقے پیچھے رہ گئے، پولیٹیکل ایجنٹ کی تعیناتی کے لیے کروڑوں روپے لیے جاتے ہیں۔

اس موقع پر سابق ضلعی جنرل سیکریٹری جے یو آئی (ف) مفتی سجاد نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

مفتی سجاد نے کہا کہ قوم کو مضبوط اور مستحکم کرنے کے لیے کرپشن کا خاتمہ اور تعلیم ضروری ہے۔

مزید خبریں :