کھیل
Time 14 اکتوبر ، 2017

قومی ریسلر عنایت اللہ نے ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپئین شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا

رسیلر  عنایت اللہ  گولڈ میڈل اور سرٹیفکٹ کے ساتھ۔ 

پاکستان ریسلنگ کی تاریخ میں پہلی بار قومی ریسلر عنایت اللہ نے ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپئین شپ میں گولڈ میڈل جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی۔

عنایت اللہ نے ڈیلان میں ہونے والی ورلڈ بیچ چیمپئین شپ کے فائنل میں ایرانی پہلوان کو شکست دیکر گولڈ میڈل پاکستان کے نام کیا۔

اس سے قبل عنایت اللہ نے سیمی فائنل میں ترکی کے پہلوان کو شکست دی تھی۔ عنایت پہلوان نے رواں سال ایشین میٹ ریسلنگ چیمپئین شپ میں سلور میڈل بھی جیتا تھا۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عارف حسن نے قومی پہلوان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔

ان کا کہنا تھا کہ عنایت پہلوان نے ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپئین شپ میں گولڈ میڈل جیت کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، پاکستان ریسلنگ فیڈریشن بھی اس کامیابی پر مبارکباد کی مستحق ہے جب کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ ایسے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرے۔

پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکریٹری ارشد ستار نے اپنے پیغام میں کہا کہ عنایت اللہ نے گولڈ میڈل جیت کر فیڈریشن کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

انہوں نے  وطن واپسی پر نوجوان کھلاڑی کے اعزاز میں تقریب کا بھی اعلان کیا۔

مزید خبریں :