17 اکتوبر ، 2017
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک میں کرکٹ کی بحالی کو وسیع کرتے ہوئے کراچی میں بھی میچز کیلئے اقدامات شروع کردئیے ہیں۔
باخبر ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل 2018 کے دو میچز کراچی میں کرانے کی پلاننگ کررہا ہے، امکان ہے کہ تین میں سے دو پلے آف میچز کراچی میں ہوں گے۔
ان مقابلوں کیلئے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں تزیئن و آرائشی کا کام جاری ہے۔ سیکیورٹی معاملات پر بات چیت کیلئے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کراچی پہنچ رہے ہیں جہاں وہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور سیکیورٹی حکام سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں میچز کی سیکیورٹی پر مقامی پولیس اور رینجرز کے پاک فوج سے اشتراک پر بات کی جائے گی۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ورلڈ الیون ٹیم کی آمد کے موقع پر ایک میچ کراچی میں کرانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس پر نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ جلد عالمی کرکٹر ملک کے دیگر شہروں میں بھی کھیلیں گے۔