پاکستان
Time 25 اکتوبر ، 2017

قندیل قتل کیس: مفتی عبدالقوی کا 5 گھنٹے طویل پولی گرافی ٹیسٹ

لاہور: قندیل بلوچ قتل کیس میں نامزد ملزم مفتی عبدالقوی کا پانچ گھنٹے سے زائد پولی گرافی ٹیسٹ مکمل کرلیا گیا۔

ملتان کی مقامی عدالت نے قندیل بلوچ قتل کیس میں مفتی عبدالقوی کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر رکھا ہے تاہم دوران حراست مفتی عبدالقوی کی طبعیت بگڑنے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا اور طبعیت ٹھیک ہونے کے بعد پولیس نے دوبارہ انہیں حراست میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق آج مفتی عبدالقوی کا پولی گرافی ٹیسٹ کیا گیا اور جب وہ ٹیسٹ کے لیے پہنچے تو انہوں نے لیب حکام کو طبعیت ناساز ہونے سے آگاہ کیا تاہم اس کے باوجود ان کا ٹیسٹ لیا گیا جس میں ان سے مختلف سوالات پوچھے گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ 5 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے پولی گرافی ٹیسٹ میں مفتی عبدالقوی سے قندیل بلوچ سے ہونے والی ملاقات کے بارے میں پوچھا گیا جب کہ مقتولہ کے بھائی سے تعلقات کے بارے میں بھی سوالات کیے گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں قندیل بلوچ کو مبینہ طور پر ان کے بھائی وسیم نے غیرت کے نام پر قتل کیا تھا جب کہ مقدمے میں مقتولہ کا کزن حق نواز بھی شامل تھا اور یہ دونوں ملزمان اس وقت ملتان جیل میں ہیں۔

مفتی عبدالقوی، قندیل بلوچ کے ہمراہ اس وقت منظرعام پر آئے جب گزشتہ سال رمضان المبارک کے دوران ماڈل نے چند سیلفیز اور ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ 


مزید خبریں :