کھیل
Time 28 اکتوبر ، 2017

ہیٹرک کا کارنامہ ماں باپ اور دوستوں کی دُعاؤں کا نتیجہ ہے، فہیم اشرف

ابو ظبی: قومی ٹیم کے نوجوان آل راؤنڈر فہیم اشرف کا کہنا ہےکہ ہیٹرک کرنے کا کارنامہ ماں باپ اور دوستوں کی دُعاؤں کا نتیجہ ہے۔

پنجاب کے چھوٹے سے گاؤں پھول نگر سے تعلق رکھنے والے قومی ٹیم کے نوجوان کرکٹر فہیم اشرف نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں ہیٹرک کی۔

فہیم اشرف کا کہنا ہےکہ اس سے پہلے کبھی کسی بولر کو ہیٹرک کرتے نہیں دیکھا، جب 2 وکٹیں لیں تو کپتان سرفراز اور شاداب نے کافی حوصلہ بڑھایا اسی وجہ سے تیسری وکٹ بھی ملی۔

انہوں نے اپنی بیٹنگ کے حوالے سے بتایا کہ میچ کے دوران بہت زور سے شاٹس کھیلنے کی کوشش کیں اس لیے ناکام رہا لیکن شاداب خان نے عقل مندی سے بیٹنگ کی اور میچ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

 فہیم اشرف نے مزید کہا کہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ لاہور میں کھیلنے کے لیے بے تاب ہوں، جیسا جوش و خروش لاہور میں ہوتا ہے ایسا یہاں ممکن نہیں، ایکسائٹمنٹ بہت زیادہ ہے، بس انتظار ہے تو میچ کا۔

مزید خبریں :