Time 02 نومبر ، 2017
کھیل

پاکستان کی چیمپئنز ٹرافی میں شاندار فتح پر یادگاری ٹکٹس کا اجرا

آئی سی سی چیمئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی شاندار فتح پر پاکستان پوسٹ کی جانب سے یادگاری ٹکٹ اور شیٹ جاری کی گئی ہے۔

پاکستان پوسٹ کی جانب سے اس حوالے سے قومی ٹیم کے اعزاز ایک پروقار تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا۔

اعزازی تقریب میں چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی، قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور دیگر کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز نے شرکت کی۔

تمام کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کو پاکستان پوسٹ کی جانب سے اعزازی شیلڈز بھی دی گئیں۔

پاکستان پوسٹ کی جانب سے جاری کی گئی یادگاری ٹکٹس میں قومی کھلاڑیوں کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ساتھ فتح کا جشن مناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ایک دوسری ٹکٹ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی جاری کی گئی ہے جس میں ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کے جھنڈے نمایاں ہیں۔

یادگاری ٹکٹس کی قیمت 10 روپے مقرر کی گئی ہے جنہیں باآسانی خریدا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ یادگاری شیٹ پر تینوں ٹکٹس ایک ساتھ موجود ہیں اور اس کی قیمت 50 روپے مقرر کی گئی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے یادگاری ٹکٹ کے اجرا پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان پوسٹ کے مشکور ہیں کہ انہوں نے قومی ٹیم کے اعزاز میں اتنا بڑا قدم اٹھایا جب کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ پوسٹل سروس کا اجرا خوش آئند ہے، ورلڈکپ 2019 کے بعد بھی یادگاری ٹکٹ جاری ہوں گے۔

یاد رہے کہ رواں برس جون میں انگلینڈ کے اوول گراؤنڈ میں قومی ٹیم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

مزید خبریں :