Time 03 نومبر ، 2017
کھیل

اب ہدف 2019 ورلڈ کپ جیتنا ہے، سرفراز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی کے بعد اپنی نظریں 2019 کے عالمی کپ پر جما لی ہیں۔

سرفراز خوش ہیں کہ ان کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم نے آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کے بعد ٹی ٹوئینٹی میں عالمی نمبر ایک پوزیشن حاصل کی ہے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ٹی ٹوئینٹی میں نمبر ایک عالمی رینکنگ حاصل کرنے کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔

پاکستانی کپتان نے کہا کہ آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کی جیت کے بعد اب پاکستانی ٹیم کا ہدف 2019 میں انگلینڈ میں 50 اوورز کا ورلڈ کپ جیتنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیم انتظامیہ نے کھلاڑیوں کا ایک پول تیار کیا ہے جن کا اعتماد بڑھا رہے ہیں اور مستقل مزاجی سے سلیکشن کرکے ایک مضبوط اور متوازن ٹیم تیار کرر ہے ہیں۔

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ جس محنت سے ٹیم نے یہ مقام حاصل کیا ہے اسے برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔

’نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دے رہے ہیں اور نوجوان اپنی اہلیت کو ثابت کررہے ہیں۔اس ٹیم میں سنیئر کھلاڑیوں شعیب ملک اور محمد حفیظ کی جس قدر تعریف کی جائے وہ کم ہے۔دونوں نہ صرف فرنٹ سے لیڈ کررہے ہیں بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کی مسلسل حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔یہی ٹیم اسپرٹ ہمیں بلندیوں کی جانب لے جارہی ہے۔‘

مارچ 2016میں بھارت میں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئینٹی میں پاکستان ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد شاہد آفریدی کی جگہ سرفراز احمد کو ٹی ٹوئینٹی کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

گذشتہ سال سات ستمبر کو سرفراز احمد کی کپتانی میں پاکستان نے اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں پہلی بار کپتانی کی اور انگلینڈ کو نو وکٹ سے شکست دی۔

13 ماہ میں پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں 14ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل میچ کھیلے اور بارہ میچ جیت کر مردوں کی انٹرنیشنل کرکٹ ٹی 20 درجہ بندی میں پاکستان پہلی مرتبہ اول نمبر پر آ گیا ہے۔

پاکستانی ٹیم کے اس وقت 124 پوائنٹس ہیں اور دوسرے نمبر پر نیوزی لینڈ کی ٹیم 121 پوائنٹس کے ساتھ موجود ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کی پہلی پوزیشن آنے میں بھارت کا اہم کردار تھا۔ بدھ کو نیوزی لینڈ پہلے نمبر پر تھی تاہم نئی دہلی میں بھارت نے تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر پاکستان کی درجہ بندی میں اضافہ کر دیا۔

حال ہی میں پاکستان نے سری لنکا کو بھی ٹی 20 سیریز میں 3-0 سے شکست دی ہے۔اس سے قبل پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو بھی تین صفر سے شکست دی تھی۔

یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان ٹی 20 کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر آیا ہے۔اس وقت ایک روزہ کرکٹ میں پاکستانی ٹیم چھٹے نمبر پر ہے جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں اس کا نمبر ساتواں ہے۔تینوں فارمیٹ کے کپتان سرفراز احمد ہیں۔

سرفراز احمد کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم کو ٹیسٹ میچوں میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر پہنچنے میں کامیاب ہو گئی تھی۔

آئی سی سی کی جانب سے سنہ 2003 میں اس عالمی درجہ بندی کے آغاز کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ پاکستانی ٹیم اس فہرست میں پہلا مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔

موجودہ پاکستانی ٹیم میں گذشتہ ماہ پاکستان کے فاسٹ بولر حسن علی نے ایک روزہ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں نمبر ایک بولر بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ مستقل مزاجی سے کھلاڑیوں کو موقع دے رہے ہیں۔گذشتہ ایک سال کے دوران اس فارمیٹ میں 13,14کھلاڑیوں کو مسلسل موقع دیا ہے۔

’شکرہے کہ کھلاڑی جس طرح محنت کررہے ہیں انہیں اس کی محنت کا صلہ ملا ہے۔اس اعزاز کا کریڈٹ کھلاڑیوں کے بعد کوچنگ اسٹاف اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی جاتاہے۔‘

سرفراز احمد نے کہا کہ نمبر ون بننے کے حوالے سے بعض سابق کھلاڑی اور ماہرین جو غیر ضروری بحث کررہے ہیں، وہ اس میں الجھنا نہیں چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ ’جب میں نے کپتانی سنبھالی ہے لڑکوں نے فیلڈنگ اور بیٹنگ کے شعبے میں بہت محنت کی ہے۔ بلاشبہ اس وقت ہماری بولنگ لائن دنیا کی مضبوط ترین بیٹنگ لائن اپ ہے۔‘

سرفراز نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ اگر ہم اسی طرح کھیلتے رہے اور کھلاڑیوں کو کوئی انجری نہ ہوئی تو پاکستان ورلڈ کپ تک فیورٹ ٹیموں میں شامل ہوجائے گی۔ہماری تمام تر تیاری ون ڈے میں ورلڈ کپ جیتنا ہے۔

مزید خبریں :