Time 07 نومبر ، 2017
کھیل

اسٹریٹ چلڈرن ٹیم نے روس میں ہونے والا فٹبال ٹورنامنٹ جیت لیا

میرپور آزاد کشمیر کی اسٹریٹ چلڈرن ٹیم نے روس میں ہونے والا فٹبال ٹورنامنٹ میں شاندار فتح کے ساتھ جیت اپنے نام کی اور 2018 کے اسٹریٹ چلڈرن ورلڈ کپ میں جگہ بنالی۔

ٹورنامنٹ کے دوران ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو 15 صفر سے عبرتناک شکست سے دوچار بھی کیا۔

ماسکو میں کھیلے گئے اس ٹورنامنٹ میں دنیا بھر سے 11 ٹیموں نے حصہ لیا۔ آزاد کشمیر اور پاکستان کے دیگر شہروں سے منتخب کئے گئے کم عمر فٹبالر نے دنیا بھر کو دکھادیا کہ وہ کسی سے کم نہیں۔

ڈیپنڈز آن یو ٹورنامنٹ میں پاکستان نے برازیل، انڈیا اور روس کو گروپ میچز میں جبکہ روس کو فائنل میں شکست دیکر جیت کا تاج اپنے سرپہنا۔

ٹیم منیجر مجتبی حیدر نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹیم میں تین کٹیگریز کے بچے شامل کیے جاتے ہیں جن میں غریب بچے، یتیم اور اسٹریٹ چلڈرن شامل ہوتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ٹیم کی شاندار کارکردگی پر کمانڈر 10کور لیفٹینٹ جنرل ندیم رضا نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انھیں اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مزید خبریں :