Time 09 نومبر ، 2017
پاکستان

فاروق ستار، مصطفیٰ کمال سرکاری زمینوں کی غیرقانونی لیز میں ملوث، اینٹی کرپشن

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ فاروق ستار اور پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کے خلاف اینٹی کرپشن حرکت میں آگئی جس کا کہنا ہے کہ دونوں رہنما سرکاری زمینوں کی غیرقانونی لیز میں ملوث ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے چیئرمین اینٹی کرپشن سے فاروق ستار اور مصطفٰی کمال کو تفتیش کیلئے طلب کرنے کی منظوری مانگ لی ہے۔

ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کا نوٹس کےلیے چیئرمین اینٹی کرپشن کو لکھے گئے خط کی کاپی جیو نیوز نے حاصل کرلی۔

خط میں نسرین جلیل سمیت دیگر کو بھی تفتیش کیلئے طلب کرنے کا نوٹس بھیجا جائے گا۔

فاروق ستار اور مصطفٰی کمال سمیت تینوں ملزمان اختیارات کے ناجائز استعمال کے مرتکب پائے گئے، خط میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ فاروق ستار نے بطور میئر کراچی پی اینڈ ٹی کالونی گذری کی 50 ایکڑ اراضی کو کچی آبادی قرار دیا اور مصطفیٰ کمال نے بطور سٹی ناظم پی اینڈ ٹی کالونی کے پلاٹ مالکان کو لیزیں جاری کرنے کی منظوری دی۔

سابقہ سٹی نائب ناظمہ نسرین جلیل نے مصطفیٰ کمال کے مذکورہ اقدام کی تائید کی اور ملزمان نے زیادہ تر لیزیں اپنے پارٹی کارکنوں کو دے کر علاقے میں پارٹی کو مضبوط کیا۔

دیگر ملزمان میں سابق ڈپٹی مئیر متین یوسف، سابق میونسپل کمشنر عبدالعزیز اشرفی اور سابق ڈی سی او کراچی لالا فضل الرحمان کے نام بھی شامل ہیں اور محکمہ اینٹی کرپشن میں کے ایم سی کےمتعلقہ افسران کے خلاف پہلے ہی مقدمہ نمبر 37/2017 درج ہے۔

مزید خبریں :