پاکستان
Time 10 نومبر ، 2017

حدیبیہ پیپر ریفرنس: نیب کی اپیل پر سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ قائم

سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ 13 نومبر کو سماعت کرے گا—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

اسلام آباد: چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی اپیل پر شریف برادران کے خلاف حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس کی سماعت کے لیے 3 رکنی بینچ تشکیل دے دیا۔

سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 13 نومبر سے سماعت کا آغاز کرے گا جب کہ بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس دوست محمد اور جسٹس مظہر خیل عالم میاں خیل شامل ہیں۔

اس حوالے سے سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے نیب پراسکیوٹر جنرل کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما کیس پر نظرثانی اپیلوں کے فیصلے میں نیب کو ایک ہفتے کے اندر حدیبیہ پیپر ملز کیس کھولنے کی ہدایت دی تھی جس پر نیب حکام نے عدالت کو کیس پر اپیل دائر کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

بعدازاں نیب نے حدیبیہ پیپرملز کیس کو دوبارہ کھولنے کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی، جو لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی تھی۔

نیب کی جانب سے دائر اپیل میں سابق وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو فریق بناتے ہوئے درخواست میں استدعا کی گئی کہ پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ میں نئے شواہد سامنے آئے ہیں، جن پر تحقیقات ہونی چاہیے۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت عظمیٰ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف کارروائی کرے جس میں عدالت عالیہ کے دو ججوں کے درمیان اس کیس پر فیصلہ ٹائی ہوا تھا اور تیسرے ریفری جج نے کیس ختم کرنے کا کہا تھا۔

نیب کی جانب سے مزید کہا گیا تھا کہ اس معاملے میں کچھ چیزیں ضروری ہے جن کی نیب تحقیقات کرنا چاہتا ہے۔



مزید خبریں :