18 نومبر ، 2017
پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر کا کہنا ہے کہ فریال سے علیحدہ ہوکر انہوں نے غلطی کی، جسے اب وہ سدھارنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔
اہلیہ فریال کے ساتھ تعلقات کے معاملے پر عامر خان نے پہلی بار ایک انٹرویو میں کھل کر اعتراف کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر پوری صورتحال کو دیکھیں تو یہ بالکل احمقانہ تھی ۔
عامر کے مطابق 'ٹیکسٹ میسجز کے ذریعے جس طرح سے بات شروع ہوئی وہ انداز ہی غلط تھا، میں نے اپنی زندگی سوشل میڈیا پر ڈال دی اور ایسی باتوں کا تصور کیا، جوغلط تھیں۔'
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'میں نہیں جانتا کہ میرے ہاں دوسری بار بھی بیٹی ہوگی یا بیٹا لیکن میری فیملی میری ذمہ داری ہے اور میں اپنی اولاد کو ایسے اکیلے نہیں چھوڑ سکتا'۔
عامر کا مزید کہنا تھا کہ 'اس وقت فریال کو میری بے انتہا ضرورت ہے۔ ماضی میں جو کچھ بھی ہوا وہ سب غلط فہمیوں کے باعث تھا۔'
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں عامر اور ان کی اہلیہ فریال مخدوم کے درمیان کافی غلط فہمیاں اور تنازعات منظر عام پر آئے تھے جس پر عامر نے اہلیہ سے علیحدگی کا اعلان کردیا تھا تاہم حال ہی میں دونوں کے درمیان صلح ہوچکی ہے۔