Time 19 نومبر ، 2017
کھیل

پاک فضائیہ نے چیف آف ائیر اسٹاف چیلنج پولو کپ جیت لیا

لاہور: 26واں چیف آف ائیر اسٹاف چیلنج پولو کپ 2017 آج لاہور میں اختتام پذیر ہوگیا۔

پاک فضائیہ نے پاکستان رینجرز (پنجاب) کی ٹیم کو 5 کے مقابلے میں 9 گول سے ہرا کر ٹورنامنٹ کا فائنل جیت لیا۔

ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب پاکستان پارک لاہور کینٹ میں منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی قائم مقام سربراہ پاک فضائیہ، ائیر مارشل فاروق حبیب تھے۔

مہمانِ خصوصی نے فاتح ٹیم کو چیف آف ائیر اسٹاف چیلنج پولو کپ 2017کی ٹرافی دی۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں میں انفرادی انعامات بھی تقسیم کئے۔

چار چکر کے سنسنی خیز فائنل میچ کی فاتح ٹیم کی طرف سے شاہ قبلائی عالم، فلائیٹ لیفٹیننٹ حمزہ، سکواڈرن لیڈر ہمایوں اور ائیر وائس مارشل عامر مسعود نے بالترتیب 5،2، 1 اور 1 گول کئے، جبکہ رنر اپ ٹیم کی جانب سے سب انسپکٹر امانت اور ضرار عباسی نے بالترتیب 2 اور1 گول کئے جبکہ 2 گول ہینڈی کیپ رہے۔

13 نومبر کو شروع ہونے والے سات روزہ ٹورنامنٹ میں چھ ٹیموں نے شرکت کی جن میں پاک رینجرز(پنجاب) ، پی اے ایف، پی اے ایف بلیو، زیکی فارمز، سٹالینز اور آرچرز شامل تھیں۔

اعلیٰ فوجی افسران اور پولو کے شائقین کی ایک بڑی تعداد نے فائنل میچ دیکھا۔ پہلی مرتبہ چیف آف دی ائیر اسٹاف چیلنج پولو کپ 1985 ء میں منعقد ہوا اس کے بعد سے یہ ہر سال با قاعدگی سے ہو رہا ہے۔

مزید خبریں :