پاکستان
Time 26 نومبر ، 2017

اسلام آباد میں دھرنا: پنجاب اسمبلی سے (ن) لیگ کے دو ارکان کی مستعفی ہونے کی دھمکی

اسلام آباد میں دھرنے کے باعث پنجاب سے مسلم لیگ (ن) کے سرگودھا سے تعلق رکھنے والے دو ارکان اسمبلی نے مستعفی ہونے کی دھمکی دے دی۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے لائیو اسٹاک غلام نظام الدین سیالوی نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت 48 گھنٹوں کے اندر مطالبات تسلیم کرے اور ظلم نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے استعفا سجادہ نشین پیر سیال شریف حمید الدین کے پاس جمع کرا دیا ہے۔

سرگودھا سے ایم پی اے عبدالرزاق ڈھلوں نے بتایا کہ 48 گھنٹے بعد سجادہ نشین جو حکم دیں گے اس پر عمل کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات متوقع ہے، امید ہے کہ اسلام آباد کا مسئلہ پہلے ہی حل ہوجا ئے گا۔

خیال رہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے سنگم فیض آباد انٹر چینج پر ایک جماعت کی جانب سے گزشتہ 19 روز سے دھرنا دیا جا رہا تھا جسے مذاکرات کے ذریعے ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی۔

حکومت اور دھرنا قائدین جب کسی نتیجے پر نہ پہنچے تو ہفتے کے روز پولیس اور ایف سی نے صبح دھرنا مظاہرین کے خلاف آپریشن کیا جس میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 200 افراد زخمی ہوئے۔

مزید خبریں :