پاکستان
Time 26 نومبر ، 2017

حکومتی احکامات کے بعد نیوز چینلز اور سوشل میڈیا ویب سائٹس بحال

حکومت کی جانب سے جاری احکامات کے بعد ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے زائد وقت تک بند رہنے والے نیوز چینلز کی نشریات اور سوشل میڈیا ویب سائٹس بحال ہوگئیں۔

پہلے وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے پیمرا کو تمام نیوز چینلز کی نشریات بحال کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں جس کے بعد ملک بھر میں نشریات بحال کردی گئیں۔

وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری کیے جانے والے نوٹیفکیشن میں پیمرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام نیوز چینلز کی نشریات فوری طور پر بحال کردی جائیں اور صرف ان چینلز کی نشریات بند کی جائیں گی جو پیمرا قوانین کی خلاف ورزی کریں گے۔

اس حوالے سے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نیوز چینلز پر پابندی ملکی مفاد میں افراتفری اور اشتعال انگیزی کو روکنے کے لیے لگائی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ رپورٹنگ کے ضابطہ اخلاق پر اتفاق کے بعد وزیراعظم کی ہدایت پر تمام نیوز چینل بحال کردیے گئے ہیں۔

بعد ازاں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے بھی ملک بھر میں سوشل میڈیا ویب سائٹس کی بحالی کے احکامات جاری کیے جس کے بعد ملک بھر میں سوشل میڈیا ویب سائٹس بحال ہوگئیں۔

ترجمان پی ٹی اے نے بتایا کہ ملک بھر میں سوشل میڈیا سائٹس بحال کی جارہی ہیں جن میں فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام ، یوٹیوب اور دیگر سائٹس شامل ہیں۔

خیال رہے کہ ہفتے کے روز حکومت کی جانب سے فیض آباد دھرنا مظاہرین کے خلاف آپریشن کے بعد نیوز چینلز کی براہ راست کوریج پر پابندی عائد کی گئی تھی جبکہ بعد میں نشریات ہی بند کردی گئی تھیں، اس کے علاوہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس بھی بلاک کردی گئیں تھیں۔

ملک بھر کےعوام نیوز چیلنجز تک رسائی نہ ہونے کے باعث ہیجان کا شکار تھے جب کہ سوشل میڈیا تک رسائی نہ ہونے کے باعث مختلف قیاس آرائیاں جنم لے رہی تھیں۔

پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن نے بھی حکومت کی جانب سے نیوز چینلز کی بندش کی شدید مذمت کی تھی۔

مزید خبریں :