02 دسمبر ، 2017
اسپنر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کی درستی پر کام اب تک شروع نہیں ہوسکا جس کے بعد سابق کپتان قائد اعظم ٹرافی میچ کھیلنے کراچی پہنچ گئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے گزشتہ ماہ مشکوک بولنگ ایکشن کی وجہ سے محمد حفیظ کے انٹرنیشنل مقابلوں میں بولنگ پر پابندی عائد کردی تھی۔
پی سی بی نے محمد حفیظ کے ایکشن پر این سی اے میں کام کرنے کا اعلان کیا تاہم یہ کام اب تک باضابطہ طور پر شروع نہیں ہوسکا۔
غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے محمد حفیظ قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں شرکت کیلئے کراچی پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ بولنگ ایکشن ایکسپرٹ کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں اور اس کی تقرری کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلے کے منتظر ہیں۔
ذرائع کا ماننا ہے کہ حفیظ پہلے ساتھ کام کرنے والے کارل کرو یا ثقلین مشتاق کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کے خواہشمند ہیں لیکن پی سی بی اب تک ان کی تقرری پر متفق نہیں ہوا۔